موبائل مارکیٹ کے دکاندار ٹریڈ لائسنس ٹیکس باقائدگی سے ادا کریں۔ چیئرمین محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی اپنے دفتر میں جیو موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات۔
ٹاؤن انتظامیہ نیو کراچی ٹاؤن کی آمدن بڑھانے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ چیئرمین محمد یوسف
کراچی: جیو موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفدنے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف سے ملاقات کی۔ایسوسی ایشن کے وفد کی جانب سے جیو موبائل مارکیٹ کے سامنے برساتی نالے پرقائم خستہ حال پُلیہ کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے نیو کراچی ٹاؤن میں کاروباری حضرات کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے اور اس حوالے سے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔جماعت اسلامی کے نمائندے محدود وسائل میں عوام کی خدمت کررہے ہیں باوجود اس کے کہ نیو کراچی ٹاؤن کا کاروباری طبقہ ٹریڈ لائسنس کی مد میں نیو کراچی ٹاؤن کو ٹیکس کی ادائیگی میں شش و پنج سے کام لیتا ہے،اگر کاروباری افراد ٹیکس کی مد میں رقم ادا نہیں کریں گے تو ٹاؤن کو پہلے سے ہی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔
جیو موبائل مارکیٹ میں سیکڑوں دکانیں موجود ہیں اور بہترین کاروباری ماحول موجود ہے اس کے باوجود دکاندار ٹاؤن ٹیکس ادا نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کے آپ کا دیا ہوا ٹیکس آپ کو ہی سہولیات فراہم کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے لہذا ٹاؤن کے ریکوری ڈپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین سے تعاون کرتے ہوئے ٹیکس ادا کریں۔اس موقع پر جیو موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین محمد یوسف کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ موبائل مارکیٹ کے دکاندار وں کی جانب سے ٹاؤن ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ملے گی ہم ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وفد کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔