Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کراچی تمام تر ناانصافیوں اور مسائل کے باوجود پاکستان سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی

​ایم کیو ایم پاکستان ہر ادارے اور شعبے کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری

0

​ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ سے محنت کشوں کے حقوق کی ضامن اور کراچی کی ترقی کی داعی رہی ہے۔ عبدالحسیب

کراچی : ​چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر ملک بھر میں جاری جشنِ آزادی کی ماہانہ تقریبات کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان لیبر ڈویژن اور کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے زیرِ اہتمام کراچی ادارہ ترقیات (کے ڈی اے) کے شعبے میں 80 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کے ڈی اے کے افسران، ملازمین، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالحسیب، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی، اراکینِ سندھ اسمبلی معاذ محبوب، قرۃ العین، کرن کاشف، رانا شوکت، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری اور مرکزی کمیٹی لیبر ڈویژن کے اراکین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

​اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے اپنے خطاب میں تمام محنت کشوں اور قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور گزشتہ 18 سال کی بدترین حکمرانی کے باوجود اپنے وطن پاکستان سے بے پناہ محبت ہے، ہماری پاک افواج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140اے پر عمل کرتے ہوئے اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سندھ کے شہری علاقوں اور کراچی کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔​

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما عبدالحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور حق پرست قیادت کراچی کی ترقی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے اس ملک کی تعمیر و تشکیل کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان اس وطن کی سلامتی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب محنت کشوں کے جذبے اور پاکستان سے ان کی گہری وابستگی کی آئینہ دار ہے، قائدین کی رہنمائی میں ایم کیو ایم پاکستان ہر ادارے اور شعبے کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔​تقریب میں اراکینِ سندھ اسمبلی کرن کاشف اور معاذ محبوب نے بھی خطاب کیا اور نئے انتظامی یونٹس اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر 14 اگست کی مناسبت سے پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں شرکاء نے پاکستان اور تحریک کے حق میں پرجوش نعرے بازی کی۔

Comments
Loading...