پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مہم میں تمام اداروں اور شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر
نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ میونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے نارتھ کراچی سیکٹر 11-بی میں جاری انسدادِ پولیو مہم کا دورہ کیا اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی بھی کی۔
دورے کے دوران ان کے ہمراہ اسٹاف افسر محمد علی، ایڈمن ڈپٹی ممتاز خان افریدی اور پولیو ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر نے ٹیموں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ کسی بھی بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہنے دیں اور ہر گھر تک رسائی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس میں تمام اداروں اور شہریوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ”پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچہ صحت مند اور محفوظ مستقبل حاصل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور تمام ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور محنت سے انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔میونسپل کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیموں کی محنت قابلِ تعریف ہے اور امید ہے کہ اس مہم کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور اس قومی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔