ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں 52 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم
کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی منتخب بلدیاتی قیادت کی جانب سے ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر گلبرگ ٹاؤن حمیر احمد نے ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں مجموعی طور پر 52 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کر دیے۔
اس موقع پر سابقہ ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، بجٹ آفیسر وسیم احمد، اکاؤنٹس آفیسر محسن جاکرانی، ڈائریکٹر ایڈمن محمد علی، ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف، ڈائریکٹر سینیٹیشن وقار احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میونسپل کمشنر گلبرگ ٹاؤن حمیر احمد نے کہا کہ ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے واجبات کی ادائیگی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ ان ملازمین نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ ادارے کی خدمت میں صرف کیا ہے، لہٰذا ان کی خدمات کا اعتراف اور ان کے اہل خانہ کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ نے گزشتہ تین سال کے دوران 22 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں تقسیم کی ہے، جبکہ آج بھی 52 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی ملازم یا اس کے خاندان کو اپنے جائز حق کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق گزشتہ تین سال کے قلیل عرصے میں ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء کو 22 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی جا چکی ہے۔ یہ اقدام ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور ان کے اہل خانہ کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور ان کی ٹیم کی سنجیدہ کوششوں کا عکاس ہے۔
گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی طویل خدمات کا اعتراف کرنا اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانا ادارے کی اہم ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔