Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

گلبرگ ٹاؤن کا اندھیرے سے روشنی کی جانب سفر جاری، کھیلوں کے میدانوں میں فیلڈ لائٹس کی تنصیب

0

کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں سڑکوں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی بحالی کے بعد کھیلوں کے میدانوں کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں گلبرگ ٹاؤن کے ٹی گراؤنڈ میں فیلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے ایکسین ایم اینڈ ای محمد یاور کے ہمراہ ٹی گراؤنڈ کا دورہ کیا اور گراؤنڈ میں فیلڈ لائٹس کی تنصیب کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن کو لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ٹی گراؤنڈ میں 13 پولز پر مجموعی طور پر 78 عدد 600 واٹ کی لائٹس نصب کی جا رہی ہیں، جس سے گراؤنڈ میں رات کے اوقات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے روشنی کا مؤثر انتظام ممکن ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سڑکوں اور پارکوں کی بحالی کے بعد کھیلوں کے میدانوں کو بھی بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کا سفر اندھیرے سے روشنی کی جانب جاری ہے، عوامی مقامات پر روشنی کے بہتر انتظامات نہ صرف شہریوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی اور تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹی گراؤنڈ میں فیلڈ لائٹس کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لائٹس کی تنصیب کا کام معیار کے مطابق جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری خصوصاً نوجوان ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

Comments
Loading...