Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان کی نیو کراچی ٹاؤن آنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔چیئرمین محمد یوسف

عوام کو خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف

0

جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اختیارات سے بڑھ کر کام کرکے دکھایاہے۔امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ سلیم جیلانی پارک سیکٹر 5-جی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،یوسی چیئرمیز و وائس چیئرمیز،یونین کمیٹی کے اراکین،چیئرمین پارک کمیٹی عمران فقیر،ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد خان و دیگر ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن میں قائم پانچ پارکوں کا اٖفتتاح کیا، بعدازاں پارک میں یادگاری پودا بھی لگایا،افتتاحی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی،امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اختیارات سے بڑھ کر کام کرکے دکھایاہے اور پچھلے 10 ماہ میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینز نے 100 سے زائد پارکس کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے سپرد کردیئے ہیں جبکہ دیگر پارکوں اور پلے گراؤنڈز کی بحالی کا کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین اور اُن کی ٹیم عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ہے اس حوالے سے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے میدان عمل میں موجود رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے مسائل زیادہ ہیں ان مسائل پر بھی جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے کام کررہے ہیں جبکہ نیو کراچی ٹاؤن کو خوبصورت بنانے اور عوام کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اور انشاء اللہ جلد نیو کراچی ٹاؤن کا شمار خوبصورت ٹاؤن میں ہوگا۔تقریب سے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات ملنے کے بعد ہم نے نیو کراچی ٹاؤن کے پارکوں کا جائزہ لیا جو عرصہ دراز سے اجڑے ہوئے اورخستہ حالی کا شکار تھے، ہم نے ان اجڑے ہوئے پارکوں کو بحال کرنے کا بیڑا اُٹھا یا تھا اور ان پارکوں کی تزین و آرائش کے لئے محکمہ باغات کو ہدایات دیں تھیں،آج الحمد اللہ نیو کراچی ٹاؤن کے پانچ پارکوں کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے حوالے کردیا گیا ہے جن میں سلیم جیلانی پارک سیکٹر 5-گی یوسی 07 ،اسلامیہ پارک سیکٹر 11-ایف یوسی 09 ، خضراء مسجد پارک سیکٹر 5-ایف ۔الشمس پارک سیکٹر 11-ڈی اورمنور حسن پارک سیکٹر 5-ای شامل ہیں۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہم نے اختیارات اور وسائل کی کمی کا رونا نہیں رویا بلکہ تعمیر اور ترقی کے کاموں کو آگے بڑھایا ہم نے کم وسائل میں نیو کراچی ٹاؤن کی عوام کے لئے وہ کام کرائے جن سے عوام کی زندگی میں آسانی پیدا ہوئی ہے، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے سیاست سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔عوام کو خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تقریباً 17 پارکوں کو تزین و آرائش کے بعد عوام کے سپرد کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر پارکوں میں بحالی کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔نیو کراچی ٹاؤن کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے گرین بیلٹس پر شجر کاری مہم بھی کی گئی ہے اور عوامی مسائل کو بھی تیزی کے ساتھ حل کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی استر کاری کے لئے بھی محکمہ بی اینڈ آر شب و روز مصروف ہے۔ ٹاؤن کی ترقی اور خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کے باشندگان کو بہترسے بہتر شہری خدمات مہیا کرنے کے لئے نیو کراچی ٹاؤن کے افسران اور عملہ دن رات خدمت میں مصروف ہے۔

Comments
Loading...