Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

حکومتی سطح پر عوامی فلاح و بہبود کا کوئی کام اِس شہر میں دُور دُور تک ہوتا ہوا نظر نہیں آتا۔ ایم کیو ایم ارکانِ صوبائی اسمبلی

قبضہ مئیر کو الزام تراشیوں اور اداکاری کرنے سے فرصت نہیں۔ متحدہ اراکینِ سندھ اسمبلی

0

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی کا کراچی کی زبوں حالی پر شدید تشویش کا اظہار

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی کی زبوں حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز بہادر آباد سے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا ہے کھربوں روپے صوبائی خزانے میں جمع کروانے والا شہر مصائب و مسائل کی آماجگاہ بن چُکا ہے۔ ٹوٹی سڑکیں تعفن پھیلاتے کچرے کے ڈھیر منشیات فروشی لاقانونیت تجاوزات تعلیم صحت اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کا ناقص نظام غرض یہ کہ دنیا جہاں کی رسوائیوں کا سامان پچھلے سترہ برسوں کی بامقصد نااہلی نے اس شہر میں بھر دیا ہے۔ شہر سسک رہا ہے اور اربابِ اختیار چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہے، قبضہ مئیر کو الزام تراشیوں اور اداکاری کرنے سے فرصت نہیں، سترہ سالوں سے بلاشرکتِ غیرے اور اٹھارویں ترمیم کے سہارے تمام وسائل اور اختیارات پر قابض ہونے کے باوجود سندھ حکومت کبھی وفاق تو کبھی سیاسی جماعتوں پر بیان بازی کرکے ڈھکوسلے دے کر جی ہلکان کیئے رکھتی ہے۔

حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ مختلف اور نت نئے مسائل سے نبرد آزما شہری شدید ذہنی جسمانی اذیت کا شکار ہوچکے ہیں مگر دادرسی کرنے والا کوئی نہیں، حکومتی سطح پر عوامی فلاح و بہبود کا کوئی کام اِس شہر میں دُور دُور تک ہوتا ہوا نظر نہیں آتا لاقانونیت اپنی انتہا پر ہے عوام شہر کی اِس حالتِ زار پر نوحہ کناں ہے، صوبائی وزراء و مشیران کی فوج ظفر موج کبوتر کی طرح آنکھ بند کرکے سب صحیح ہے کا راگ الاپنے میں مصروف ہے، حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر ماحول کی سنگینی کا درست ادراک نہ کیا گیا تو نام نہاد بادشاہی نظام عنقریب انجام کو پہنچ کر رہے گا۔

Comments
Loading...