تین برس کے دوران دیانت داری، شفافیت اور مسلسل محنت کے زریعے ٹاؤن کا نقشہ بدل دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
نارتھ کراچی سیکٹر 11-اے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گل لالہ پارک کا افتتاح کر دیا۔
محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں ریکارڈ ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن
کراچی : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ نارتھ کراچی سیکٹر 11-اے میں تزئین و آرائش کے بعد گل لالہ پارک کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ،ضلع شمالی ڈاکٹر شکیل احمد،جی-آئی یوتھ، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، یوسی چیئرمین 12 عظیم انور، وائس چیئرمینز، کونسلرز، جماعت اسلامی کے رہنما اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی کراچی کی خدمت کا موقع ملا، اس نے شہر کی تعمیر و ترقی کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان کی ترقیاتی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جاتا تو آج کراچی پانی کے شدید بحران کا شکار نہ ہوتا۔ ان کے مطابقK-4 منصوبہ نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا، مگر بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس منصوبے کو نظرانداز کیا، جس کا خمیازہ آج لاکھوں شہری پانی کی قلت کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں ریکارڈ ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن اس کی ایک نمایاں مثال ہے، جہاں سڑکوں کی تعمیر، پیور بلاکس سے پختہ گلیاں، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکس کی بحالی اور دیگر شہری سہولتوں کے منصوبے کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل لالہ پارک کی بحالی صرف ایک پارک کی تعمیر نہیں بلکہ شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جہاں خاندان اور بچے بہتر تفریحی سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب جماعت اسلامی نے نیو کراچی ٹاؤن کی ذمہ داری سنبھالی تو یہ علاقہ بدانتظامی، خستہ حال انفرااسٹیکچراور بنیادی سہولتوں کی کمی کی تصویر بنا ہوا تھا، تاہم تین برس کے دوران دیانت داری، شفافیت اور مسلسل محنت کے زریعے ٹاؤن کا نقشہ بدل دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت کو عوام ہی کی فلاح پر خرچ کرنا جماعت اسلامی کی پہچان ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کے ثمرات ہر علاقے میں نمایاں نظر آ رہے ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ گل لالہ پارک ماضی میں ویرانی اور بے توجہی کا شکار تھا، جسے ازسرِنو تعمیر، خوبصورت تزئین و آرائش، شجرکاری اور جدید سہولتوں سے آراستہ کرکے عوام کے لیے وقف کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کا مقصد صرف شہر کو خوبصورت بنانا نہیں بلکہ شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو صحت مند اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہے گا اور عوامی خدمت کے مزید منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر عوام نے گل لالہ پارک کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔