تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت، ملکی ترقی کا راز جدید علوم سے لیس نوجوانوں میں پوشیدہ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت
تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت، ملکی ترقی کا راز جدید علوم سے لیس نوجوانوں میں پوشیدہ ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز (ایچ آئی ٹی ایم ایس) کے دوسرے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نے انسٹی ٹیوٹ کی 100 ایکڑ اراضی پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی۔ وفاقی وزیر کو انسٹی ٹیوٹ کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ادارے کے تعلیمی اور انتظامی امور کے ساتھ ساتھ درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی رانا انصار، رجسٹرار ڈاکٹر اے کیو مغل اور پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار (ممبر بورڈ آف گورنرز) نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ سائنسز کے فروغ کے لیے ایسے ادارے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کا راز ایسے نوجوانوں کی تیاری میں پوشیدہ ہے جو جدید علوم سے لیس ہوں اور قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ادارے کے منتظمین کو درپیش چیلنجز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ادارے کی مکمل تیاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔