Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور متوفی ملازمین کے فنانشل اسسٹینٹ کی بروقت ادائیگی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین محمد یوسف

نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائرڈ اور متوفی ملازمین کے لواحقین کو بقایاجات کی مد میں 60 لاکھ 50 ہزار روپے کے چیکس تقسیم۔

0

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی قیادت میں ٹاؤن انتظامیہ نے ایک اور مثالی اقدام کرتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائرڈ افسران و ملازمین میں لیو انکیشمنٹ اورمتوفی ملازمین کے لواحقین کو مالی امداد کی مد میں 60 لاکھ 50 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہم ہر ماہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو ان کے واجبات بروقت ادا کر رہے ہیں۔ ماضی میں ریٹائرڈ ملازمین کو سالوں انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن ہم کو جب اختیارات ملے اور ٹاؤن کے انتظامات سنبھالنے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمے کو ہدایات دیں اور ان ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز کر دیا۔ ہماری اولین کوشش ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ ملازمین کے فلاح و بہبود اور ریٹائرڈ ہونے کے بعد ان کے واجبات کی بروقت ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام اور ملازمین کی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے، ہم اسے ایمانداری اور دیانت داری سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک خصوصی گرانٹ فراہم کی جائے تاکہ ان ملازمین کے بھی واجبات ادا کیے جا سکیں جنہیں گزشتہ کئی برسوں سے ادائیگیاں نہیں ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی سہولت کے لیے ٹاؤن انتظامیہ نے باقاعدہ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے، جو اب تک ڈیڑھ سو سے زائد ملازمین کی پنشن فائلیں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے کر چکا ہے اور الحمداللہ 125 ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بحال ہوچکی ہے ہماری کوشش ہے کہ بقایا ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بھی فوری طور پر شروع کرائی جا سکے۔

اس موقع پر ریٹائرڈ ملازمین نے چیئرمین محمد یوسف کے فلاحی اقدامات کو سراہا اور اس پالیسی کو بلدیاتی نظام میں ایک مثبت مثال قرار دیا۔

Comments
Loading...