کراچی کے بچوں کو قلم اور کتاب فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، تعلیم کی شمع گھر گھر روشن کر کے ہی جہالت کا خاتمہ ممکن ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کمیونٹی اسکولز کا نیٹ ورک دور افتادہ علاقوں کے لیے امید کی کرن ہے، پسماندہ طبقات کو تعلیمی دھارے میں لانا وقت کی پکار ہے۔ چیئرمین ایم کیو ایم
متوسط طبقے کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ایم کیو ایم کی سیاست کا محور ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز (بی ای سی ایس) کے زیر اہتمام این ایچ یو کراچی میں منعقدہ “تقسیمِ تعلیمی مواد و اسکول بیگز” کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے بچوں کو قلم اور کتاب فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ ایک تعلیم یافتہ نسل ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی سیاست کا بنیادی مقصد ہمیشہ سے غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا رہا ہے اور وفاقی وزارتِ تعلیم کے پلیٹ فارم سے ہم پسماندہ علاقوں میں بنیادی تعلیم کے نیٹ ورک کو مزید فعال اور مستحکم بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “کمیونٹی اسکولز” کا ماڈل ان بچوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے جو معاشی تنگدستی یا دیگر وجوہات کی بنا پر باقاعدہ تعلیمی نظام سے دور رہ گئے تھے، ہمارا ہدف ہے کہ کراچی کا کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ آج کا دور علم اور ہنر کا ہے، ہمیں اپنے نو نہالوں کی بنیاد مضبوط کرنی ہوگی تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں، تعلیم کی ذمہ داری صرف حکومت کی ہی نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کو اس جہاد میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر نے کراچی کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سیکڑوں طلبہ میں اسکول بیگز اور دیگر ضروری تعلیمی اشیاء تقسیم کیں اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر اراکینِ اسمبلی،ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید خان نیازی, تعلیمی ماہرین، یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔