Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

بلدیاتی نمائندوں کی اصل ذمہ داری عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف

چیئرمین محمد یوسف کا نیو کراچی سیکٹر الیون جے کا تفصیلی دورہ ،سرکاری اسکول کے قریب زیرِ تعمیر پلیا اور ملحقہ سڑک کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ ۔

0

تعلیمی اداروں کے اطراف بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف

کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سیکٹر الیون جے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے سرکاری اسکول کے قریب زیرِ تعمیر پلیا اور ملحقہ سڑک کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یوسی 11کے وائس چیئرمین عمران شفیق،متعلقہ ٹاؤن افسران، انجینئرنگ اسٹاف اور علاقہ مکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر الیون جے کی عوام اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے مسلسل اس راستے کی خستہ حالی اور آمد و رفت میں رکاوٹ کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ یہ پلیا یو پی موڑ سے سیکٹر الیون جے میں داخلے کا مرکزی راستہ ہے جبکہ قریب ہی تعلیمی ادارہ ہونے کی وجہ سے روزانہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد یہاں سے گزرتی ہے۔ بھاری ٹریفک کے باعث پرانی پلیا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی تھی جس سے حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا تھا اور شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے فوری طور پر عملی اقدام اٹھایا اور محدود وسائل کے باوجود پلیا کی تعمیر اور سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا تاکہ طلبہ، اساتذہ اور رہائشیوں کو محفوظ اور آسان راستہ فراہم کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کی اصل ذمہ داری عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ اسی جذبے کے تحت دن رات مصروفِ عمل ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے کیونکہ بچوں کی حفاظت اور سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔علاقہ مکینوں اور اسکول انتظامیہ نے پلیا کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف اور ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاتے رہیں گے۔

Comments
Loading...