نیو کراچی ٹاؤن میں گلیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیوریج اور پانی کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیاہے۔ چیئرمین محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا سیکٹر -5ایم میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، عوامی خدمت کو اولین ترجیح۔
نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے مستقبل میں بھی اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔ چیئرمین محمد یوسف
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر -5ایم میں پیور بلاک سے تعمیر ہونے والی گلیوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح کے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، سیاسی و سماجی تنظیموں کے علاقائی ذمہ داران، ٹاؤن افسران اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے انہیں عوامی خدمت کا موقع عطا کیا۔ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صرف بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اور بلدیاتی خدمات کو گھر وں کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکٹر -5ایم میں گلیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سیوریج اور پانی کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیا تاکہ ترقیاتی کام دیرپا اور پائیدار ثابت ہوں اور عوام کو طویل عرصے تک ان کے ثمرات حاصل ہوتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم سیاست کو عوامی خدمت اور عبادت کا ذریعہ سمجھتی ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی ہی ان کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے محدود وسائل کے باوجود مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ بعض سیاسی حالات اور اختلافات کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن کی تمام 13 یونین کونسلوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسی بھی علاقے یا یونین کونسل کے ساتھ سیاسی بنیادوں پر امتیازی رویہ اختیار نہیں کیا گیا بلکہ تمام علاقوں کو مساوی ترقیاتی فنڈز اور ترقی کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قیادت میں پارکس، اسکولوں، سڑکوں اور پیور بلاک سے آراستہ متعدد گلیوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
نیو کراچی ٹاؤن کی تاریخ میں اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام ماضی میں دیکھنے میں نہیں آئے اور تمام منصوبوں میں معیار، پائیداری اور عوامی ضرورت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے گلیوں کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے مستقبل میں بھی اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔