مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کردیا
پاکستان : وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک بھر کے 115 منتخب اضلاع میں جاری رہے گی، جس کے دوران تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومتِ پاکستان وزیراعظم کی قیادت میں ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ہر بچے تک ویکسین کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین، کمیونٹی رہنماؤں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسینیشن قومی ذمہ داری ہے۔