ایم کیو ایم پاکستان کےمرکز بہادرآباد پر ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت میں متحدہ بزنس فورم کا اجلاس منعقد
کاروباری برادری کے مسائل پر تفصیلی غور،بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل کی سفارش کی گئی
کے۔الیکٹرک سے متعلق شکایات سمیت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فوری حل کی ہدایت
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں شعبہ متحدہ بزنس فورم کا ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس کی زہرِ صدارت متحدہ بزنس فورم کے سربراہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کی۔ اجلاس میں مرکزی رہنماء شبیر احمد قائم خانی، صدر قمر اختر نقوی، جنرل سیکریٹری مجاہد رسول، وائس پریزیڈنٹس عاصم اعزاز عالم اور عدنان خان سمیت اراکین بزنس فورم نے شرکت کی۔
اجلاس میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور موجودہ معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کے۔الیکٹرک کے غیر منصفانہ رویّے اور مارکیٹوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کاروباری اور صنعتی طبقے کو درپیش مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سیاسی و عوامی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا جائے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فورم کے پلیٹ فارم سے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور ان فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی سفارش منظور کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر متحدہ بزنس فورم کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری طبقے کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھا جائے گا۔