اساتذہ قوم کے معمار اور ملت کے رہبر ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
استاد کی عزت و تکریم ایمان کا حصہ اور طالبعلم کا شرفِ عظیم ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
اساتذہ قوم کے معمار اور ملت کے رہبر ہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے” یومِ تکریمِ اساتذہ ” کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ تمام معزز اساتذہ کرام کی علمی، اخلاقی اور تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین و عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائےتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ استاد محض معلمِ کتاب نہیں بلکہ چراغِ راہ اور معمارِ قوم ہے، جو جہالت کی تاریکیوں میں علم کی روشنی بکھیرتا ہے اور نسلوں کے کردار کو جِلا بخشتا ہے۔ استاد ہی وہ رہنما ہے جو فکر کو سمت، دلوں کو بیداری اور ذہنوں کو بصیرت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تعمیر و بقا اور تہذیبوں کی بلندی دراصل اساتذہ کے احترام اور علم کی حرمت سے وابستہ ہے۔ ہمارے اساتذہ کی شبانہ روز محنت، صبر، ایثار اور اخلاص کے طفیل طلبہ و طالبات نہ صرف علم و ہنر کے زیور سے آراستہ ہوتے ہیں بلکہ اخلاق و کردار کی بلندیوں سے آشنا ہو کر اپنے وطنِ عزیز کا نام روشن کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینِ اسلام نے استاد کو ’’روحانی والد‘‘ کا درجہ عطا کیا ہے، اور ہماری مشرقی روایات میں استاد کا احترام والدین کے احترام کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تمام طلبہ بھی اس عزمِ نو کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ اپنے اساتذہ کے وقار، عزت اور تقدیس کے محافظ رہیں گے، اور نظامِ تعلیم میں ان کے کردار کو مزید فعال، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے اساتذہ کی قربانیوں اور خدمات کی ہمیشہ قدردان و ممنون رہے گی، کیونکہ انہی کی بدولت علم کا چراغ فروزاں اور قوم کا مستقبل روشن ہے۔