Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر بلا تفریق جاری ہے۔ چیئرمین محمد یوسف

نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سے عاشقانہ رسولؐکی جانب سے نکالے جانے والے جلوس کے راستوں پر کارپیٹنگ اورترقیاتی کام جاری۔

0

چیئرمین محمد یوسف کا سیکٹر 11-جی نورانی عید گاہ میں سالانہ اجتماع کے انتظامات کا جائزہ۔

کراچی : چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیکٹر 11-جی میں 12 ربیع الاوّل کے مرکزی اجتماع کے مقام پر صفائی، روشنی اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ سیکٹر5-ایف میں جلوس کی گزر گاہ پر کارپٹنگ کے کام کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر مشتاق خان، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عبید الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن خالد شیخ، انجینئر ساجد صدیقی،انجینئرصفدر حُسین،الیکٹرک ڈپارٹمنٹ کے افسر عرفان خان اور دیگر ٹاؤن افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام پوری رفتار سے جاری ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے نظر انداز کی جانے والی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران تقریباً 35 لاکھ رننگ اسکوائرفٹ سڑکوں کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ(7,000) سات ہزار روڈ کی خستہ حالی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

مختلف مکاتبِ فکر اور علاقے کے لوگوں نے کئی بار متعلقہ اداروں سے سڑک کی تعمیر کی اپیل کی مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن نے متبادل سڑک تعمیر کر دی ہے تاکہ روزانہ ہزاروں شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آ سکے۔محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 11-جی نورانی عیدگاہ گراؤنڈ میں ہر سال 12 ربیع الاوّل کے موقع پر عظیم الشان اجتماع منعقد ہوتا ہے جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعدادشریک ہوتی ہے۔

اس حوالے سے گراؤنڈ کی صفائی، روشنی اور دیگر انتظامات کو بروقت مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ اجتماع میں آنے والے عاشقانہ رسولؐ کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں روزانہ کوئی نہ کوئی ترقیاتی منصوبہ مکمل ہو رہا ہے۔ بہتر سڑکیں، صاف گلیاں، خوبصورت پارکس اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ہمارا مقصد عوام کی زندگی میں حقیقی بہتری لانا اور نیو کراچی کو ایک مثالی ٹاؤن بنانا ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کیا، ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا۔

Comments
Loading...