Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

آئین میں لکھا ہے کہ نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہونگے۔ سعید غنی

حافظ نعیم عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو ضرور رکھے لیکن یاد رکھے کہ ان کے مزید چیئرمینز کے نمبر بھی کم ہونگے۔

0

آئین میں لکھا ہے کہ نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہونگے۔ سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو ضرور رکھے لیکن یاد رکھے کہ ان کے مزید چیئرمینز کے نمبر بھی کم ہونگے۔ سندھ میں نگران وزیراعلی کے لئے بھی وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار میں مشاورت ہوگی۔ آئین میں لکھا ہے کہ نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ٹاؤن میں عوام کی سہولت کے لئے قائم شکایتی سیل کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کورنگی ٹاؤن کے چیئرمین محمد نعیم شیخ، پیپلز پارٹی کورنگی ڈویژن کے صدر جاوید شیخ، کاٹی کے صدر فراز الرحمان، انفارمیشن سیکرٹری جانی میمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے قیوم آباد میں صفائی مہم کا افتتاح اور شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا۔

ساتھ ہی انہوں نے یوسی 2 میں قبا پارک کی ازسر نو تزئین و آرائش کے بعد اس کا افتتاح کیا اور یوسی 2 اور 3 میں سڑکوں کی تعمیر کے بعد ان کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ وقت آزمائش کا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کریں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے درمیان رہیں اور عوام کو احساس دلائے کہ آپ نے جو ووٹ دیا ہے وہ فیصلہ درست ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کو ماضی کے نمائندوں سے خود کو بہتر ثابت کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ منتخب نمائندوں کو جلد فنڈ کی فراہمی یقینی بنائے اور اسی حوالے سے پارٹی میں بات کی ہے کہ ٹرازیشن پریڈ کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمین اس وقت بھرپور انداز میں کام کررہے ہیں اور سڑکوں پر بھی اس وقت کام جاری ہے دورہ بھی کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی کے لوگ اپنی شکایت شکایتی سیل پر لیکر آئے اور میں نے ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ سے کہا ہے کہ اس شکایتی سیل میں صرف ٹاؤن کے افسران ہی نہیں بلکہ کے ڈی اے، ایم ڈی اے، سولڈ ویسٹ، واٹر بورڈ سمیت دیگر کے افسران کو بٹھائیں تاکہ ون ونڈو کے تحت یہ شکایتی سیل عوام کے لئے کارآمد ہو سکے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس وقت پانی بجلی اور پانی کی کمی کا سامنا ہے اس لئے متعلقہ اداروں کے افسران کو شکایتی سیل آفسز میں بٹھائیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ کراچی کے لوگوں نے ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اس لئے تمام منتخب نمائندوں اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عوام کے مسائل کو فوری حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن جیتنا منزل نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہماری اصل منزل ہے کیونکہ کامیاب وہ ہوتا ہے جو عوام کی خدمت کرتا رہتا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم کبھی نہیں چاہینگے کہ عوام پیپلز پارٹی سے مایوس ہوجائے۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے ایک آئینی راستہ ہے۔ نگران وزیراعظم کےلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں بات ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی منطوری کے بعد اب تین ماہ میں الیکشن تو نہیں ہوسکتے یہ واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہونگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں مصطفی کمال کی اس بات سے مکمل متفق ہوں کہ شفاف الیکشن ہونے چاہئے ، لیکن اس طرح الیکشن نہیں ہونے چاہیے جس طرح ماضی میں ایم کیو ایم جیتی رہی ہے۔

کے ایم سی میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کی جانب سے عدم اعتماد لانے کے سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ اگرحافظ نعیم عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو یہ آئینی راستہ ہے۔ اگر حافظ نعیم عدم اعتماد لائینگے تو یاد رکھے کہ ان کے مزید چیئرمینز کے نمبر بھی کم ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی کےلئے بھی مراد علی شاہ اور رعنا انصار میں مشاورت ہوگی۔ امید ہے جو نام ہے اس پر پہلے مرحلے میں ہی متفقہ فیصلہ ہوجائیگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو صوبائی سندھ کے حوالے سے مردم شماری پر تحفظات تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی ورکر خوائش ہے کہ انتخابات جلد ہوجائے، اب نئی حلقہ بندیاں ہوگی اس کے بعد ہی ملک بھر میں الیکشن ہونگے۔ البتہ جتنے انتخابات جلد ہونگے اتنا ہی پاکستان کے لئے بہتر ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن میں چارج سنبھالنے کے پہلے روز سے ہی ہم نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کام کا آغاز کردیا ہے اور الحمداللہ آج ہم نے 8 منصوبے مکمل کیلئے ہیں اور باقی مزید منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گو کہ اس وقت ہمارے پاس مکمل طور پر اختیارات نہیں ہیں اس کے باوجود ہم نے عوام سے کئے وعدوں کو پورا کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس شکایتی مرکز کے افتتاح کے بعد کورنگی کے عوام کو اپنی شکایات کے ازالے کے لئے در در جانے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج مجھے جہاں اپنے ٹائون کے وائس چیئرمین اور یوسی چیئرمینز کا مکمل سپورٹ ہے وہاں مجھے اپنے تمام ٹائونز کے افسران کا بھی مکمل سپورٹ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں مکمل کرکے عوام کو سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

اس موقع پر جاوید شیخ، صدر کاٹی فراز الرحمان، جانی میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کورنگی ٹاؤن میں جاری عوامی کاموں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

Comments
Loading...