Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم آج کس منہ سے کے الیکٹرک کی بات کررہی ہے۔ جاوید ناگوری

کراچی کے عوام ایم کیو ایم کے داغدار ماضی سے بخوبی آگاہ ہیں۔ جاوید ناگوری

0

ایم کیو ایم آج کس منہ سے کے الیکٹرک کی بات کررہی ہے۔ جاوید ناگوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کا باغ جناح میں ہونے والا جلسہ نہیں بلکہ جلسی تھا۔ کراچی کے عوام ایم کیو ایم کے داغدار ماضی سے بخوبی آگاہ ہیں۔

اپنے جاری ایک بیان میں جاوید ناگوری نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے اضلاع سے جبری طور پر گاڑیوں میں بھر کر لوگوں کو لانے کے باوجود ایم کیو ایم کا جلسہ ایک جلسی ہی رہا اس کی وجہ اس جلسی میں کراچی کے عوام نے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لسانی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے والی ایم کیو ایم کے 40 سالہ دور میں عوام کو بوری بند لاشوں، بھتے اور فطرے کی پرچیوں اور لنگڑے، کانے اور کن کٹے جیسے لوگ ہی ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم آج کس منہ سے کے الیکٹرک کی بات کررہی ہے کیونکہ اسی ایم کیو ایم نے ڈکٹیٹر مشرف کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کا سودا کروایا اور اس وقت شہید بی بی جلاوطن تھی اس کے باوجود ہم نے ان کی ہدایات پر کے الیکٹرک کی نجکاری کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ جاوید ناگوری نے کہا کہ اسی ایم کیو ایم نے اس روشنیوں کے شہر کو لاشوں اور اندھیروں کا شہر بنایا اور آج اس شہر کی باشعور عوام ان کے ان مظالم سے اچھی طرح آشنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے کی بجائے ایم کیو ایم اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ اس نے اس شہر کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اس شہر میں کیا کیا ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

جاوید ناگوری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اس شہر کے لئے کی جانے والی خدمات کی وجہ سے ہی بلدیاتی انتخابات میں نہ صرف عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے بلکہ بڑے پیمانے پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرکے یہاں کا مئیر بھی منتخب کروایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ملک کو معاشی بدحالی سے صرف اور صرف بلاول بھٹو زرداری ہی نکال سکتے ہیں اور انشاء اللہ اس بار صرف کراچی اور سندھ ہی نہیں ملک کے تمام صوبوں میں پیپلز پارٹی بڑی تعداد میں کامیاب ہوگی۔

Comments
Loading...