مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان ہی ہمارے شہداء کی قربانیوں کا حقیقی صلہ ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کی ریلی، افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی
یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے اور وطن سے محبت کے جذبے کو مضبوط کرنے کا درس دیتا ہے۔ سینئر ایڈمن ڈائریکٹر شمونہ صدف
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن میں یومِ دفاع پاکستان 6 ستمبر کے موقع پر ریلی کا انعقاد۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف، میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاون ذولفقار علی خان، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، سینئر ایڈمن ڈائریکٹر شمونہ صدف،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی،ڈپٹی ڈائریکٹرایڈورٹائز محمدسعد،افسر ایم اینڈ ڈی عرفان خان،ایڈمن افسرممتاز خان آفریدی سمیت دیگر افسران وملازمین نے افسران اور ملازمین نے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُروقار ریلی میں شرکت کی۔
شرکاء نے وطن کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی پرچم اُٹھائے اور پاکستان زندہ باد، پاک افواج زندہ باد ”پاکستان ہماری پہچان، پاکستان ہماری عزت اور پاکستان ہماری امید ہے ” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔شرکاء نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا اور پاکستان کے امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، جب افواجِ پاکستان نے بے مثال بہادری، اتحاد اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی۔ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، امن اور ترقی کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان ہی ہمارے شہداء کی قربانیوں کا حقیقی صلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج وطن کی سرحدوں کی محافظ ہیں جبکہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو فروغ دے۔ پاکستان کی عزت، وقار اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر سینئر ایڈمن ڈائریکٹر شمونہ صدف نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے اور وطن سے محبت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کی ترقی صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہم قومی اتحاد، دیانت داری اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے تمام افسران اور ملازمین اس عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جائیں اور پاکستان کو ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے ملک کی سلامتی، استحکام، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔