Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ٹرالر،ٹینکر اور ڈمپر وں کے حادثات سے شہریوں کے تحفظ کی براہ راست ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔ منعم ظفر خان

منعم ظفر خان کی ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق محمد عدنان کی نماز جنازہ میں شرکت

0

ڈمپر،ٹینکر و ٹرالر کو آگ لگانے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔ منعم ظفر خان

کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گزشتہ روز کورنگی سنگر چورنگی پر ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے محمد عدنان خان کی سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-بی قاسم مسجد میں ہونے والی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے والد، بھائی و دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

نماز جنازہ میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے سکریٹری وٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف، ماڈل ٹاؤن کے چیئرمین ظفر خان ودیگر بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے نماز جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ٹرالر،ٹینکر اور ڈمپر وں سے ہونے والے حادثات و اموات کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کی براہ راست ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔ جو کراچی کے عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔ کراچی کے شہریوں کو امن و تحفظ فراہم کیا جائے۔ سندھ حکومت، آئی جی، ڈی آئی جی کی ذمہ داری ہے کہ قانون پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے۔ شہریوں کو امن و تحفظ، پانی، بجلی، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کی ضرورت ہے، لیکن پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کراچی دشمنی پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں آئے روز ہیوی ٹریفک کے حادثات ہورہے ہیں اور سینکڑوں شہری جاں بحق ہوچکے ہیں، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 17سال سے سندھ پر قابض ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کو آگ اور خون سے کھیلنے والوں کی ضرورت نہیں،ماضی میں شہر کو تباہ وبرباد کرنے اور امن و امان خراب کرنے والے چاہتے ہیں کہ کراچی کے امن کو ایک بار پھر سے تباہ و برباد کیا جائے، سازشوں کے تانے بانے پہلے سے ہی بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ رات ڈمپر،ٹینکر و ٹرالر کو آگ لگائی گئی، اس کے پیچھے جو بھی عناصر ہیں،قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ انہیں قانون کی گرفت میں لائیں اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

Comments
Loading...