خدمتِ خلق ہی اصل سیاست ہے اور عوامی سہولت ہماری اولین ترجیح رہے گی۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
بلدیاتی نمائندے عوام کے خادم ہیں اور عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی بہتری بھی اسی خدمت کا حصہ ہے۔چیرمین محمد یوسف
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا صدیق آباد قبرستان کا ہنگامی دورہ، بلدیاتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات
کراچی : شبِ برات کے مقدس موقع کے پیشِ نظر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے صدیق آباد نیو کراچی قبرستان کا تفصیلی دورہ کر کے بلدیاتی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قبرستان میں جاری صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور آنے جانے والے راستوں کی ہمواری کے کاموں کا معائنہ کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین یو سی 9 انزلہ انور قریشی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینیٹیشن مشتاق خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن خالد شیخ، انجینیئر صفدر حسین اور انجینیئر ساجد صدیقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ متعلقہ افسران نے جاری کاموں پر بریفنگ دی۔
چیئرمین محمد یوسف نے ہدایت کی کہ شبِ برات کے دوران عوام کی بڑی تعداد قبرستان کا رخ کرتی ہے، لہٰذا شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبرستان کے تمام راستے ہموار کیے جارہے ہیں، روشنی کے خاطر خواہ انتظامات مکمل ہے اور صفائی کا خصوصی اہتمام یقینی بنایا گیا ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا شبِ برات ہمارے لیے محض ایک مذہبی رات نہیں بلکہ اپنے مرحومین سے عقیدت اور دعاؤں کا اظہار کرنے کا موقع ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام جب اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آئیں تو انہیں صاف، روشن اور پُرسکون ماحول میسر ہو۔ خدمتِ خلق ہی اصل سیاست ہے اور عوامی سہولت ہماری اولین ترجیح رہے گی۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کے خادم ہیں اور عبادت گاہوں اور قبرستانوں کی بہتری بھی اسی خدمت کا حصہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ شبِ برات کے دن خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ ہمہ وقت موجود رہے۔
دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے بھی بلدیاتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا۔