شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری، سانحہ گل پلازہ کے لواحقین کا حق اور انصاف کا قانونی تقاضہ ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
بارش میں ملبے سے تمام ثبوت و شواہد دھل چکے ہیں، ملبہ کیمیکل اجزا جمع کرنے کے قابل نہیں رہا۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
وزیر اعظم پاکستان فوری طور پر سانحہ گل پلازہ پر پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کی دفعہ 3 کے تحت ایک آزاد اور بااختیار قومی کمیشن تشکیل دیں، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان
کراچی : ترجمان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں سانحہ گل پلازہ پر سندھ حکومت کی جانب سے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی کے نامزد اراکین پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جن افراد پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے، بادی النظر میں وہی اس المناک سانحے کے بالواسطہ یا بلاواسطہ ذمہ دار دکھائی دیتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی میں ایسے افسران اور افراد کی نامزدگی واضح طور پر مفادات کے ٹکراؤ کا باعث ہوگی، کیونکہ یہ تمام افراد اپنے اپنے دائرہ اختیار میں سنگین مجرمانہ غفلت کے مرتکب رہے ہیں، سنگین غلفت کی مرتکب سندھ حکومت آئینی و قانونی طور پر تحقیقات کرانے کا حق نہیں رکھتی۔
بیان میں کہا گیا کہ سانحہ گل پلازہ کے مقام سے دو ڈمپرز قیمتی شواہد سمیت غائب ہو چکے ہیں، جبکہ 100 سے زائد ڈمپرز کا ملبہ میوہ شاہ قبرستان کے ایم سی گراؤنڈ میں کھلے آسمان تلے ڈالا جا رہا ہے۔ ان ڈمپرز میں موجود قیمتی شواہد، انسانی اعضاء اور اہم دستاویزات تحقیقاتی عمل اور ممکنہ کیمیائی تجزیے کے لیے نہایت ضروری ہیں، تاہم بارشوں کے باعث ان شواہد کے ضائع ہونے کا شدید خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے حالات میں ایم کیو ایم پاکستان کو خدشہ ہے کہ کراچی کے کروڑوں شہریوں اور سانحہ کے شہداء و زخمیوں کے لواحقین شفاف انکوائری اور انصاف سے محروم کر دیے جائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے 100 سے زائد شہداء و زخمیوں کے لواحقین اور 1200 سے زائد متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی حکومت فوری طور پر پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کی دفعہ 3 کے تحت ایک آزاد اور بااختیار قومی کمیشن تشکیل دے۔ مجوزہ کمیشن میں ایف آئی اے، آئی بی، این ڈی ایم اے، نیب کراچی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ملٹری انٹیلی جنس، پاکستان انجینئرنگ کونسل، نیسپاک، پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹاؤن پلاننگ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو شامل کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان گل پلازہ سانحے میں شہید و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ اور اربوں روپے کا نقصان اٹھانے والے تاجروں کے ساتھ انصاف کے حصول تک کھڑی رہے گی اور اس المناک سانحے کے ذمہ دار سرکاری اداروں کے احتساب کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔ لواحقین کو انصاف ملنے مشکلات آئیں تو ایم کیو ایم عوامی عدالت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔