کاشتکاروں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور تمام فیصلےمشاورت سے کیے جائیں گے۔ سردار محمد بخش مہر
اجلاس میں صوبے میں گندم اور گنے کی فصل سمیت کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
کراچی : اجلاس کی صدارت سندھ کےصوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا جام خان شورو، سید ذوالفقار علی شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو، کاشتکار اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاق کی جانب سے شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن سے متعلق تجویز کردہ پالیسی پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کاشتکار رہنماؤں اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنی اپنی تجاویز پیش کی گئیں۔
تمام اسٹیک ہولڈرزسےمشاورت کے بعد شوگر کین سے متعلق تجاویز سندھ کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ جس کے بعد سندھ کابینہ وفاق کوتمام اسٹیک ہولڈرزکی متفقہ تجاویز ارسال کرے گی۔ اجلاس میں صوبے میں گندم اور گنے کی فصل سمیت کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور تمام فیصلےمشاورت سے کیے جائیں گے۔ زرعی شعبےکی مجموعی بہتری اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات کیےجائیں گے۔
وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ صوبہ کے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنےکےلیےعملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ کسان کو بااختیار بنا کر ہی زرعی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔
وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ کسان جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں اور ان کی پیداوار کو بہتر مارکیٹ تک پہنچانے کے جدید ذرائع دستیاب ہوں۔