پاکستان کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، نہ کہ ہم ترقی میں رکاوٹ بنیں۔ احسن اقبال
احسن اقبال نے اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کیا
پاکستان کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، نہ کہ ہم ترقی میں رکاوٹ بنیں۔ احسن اقبال
لاہور : وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اور اصلاحات، احسن اقبال نے آج اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کیا، جہاں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں اساتذہ کی عظیم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آج پوری دنیا میں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ اساتذہ وہ ستون ہیں جو ہمارے نوجوانوں کو مستقبل کے لیے تیار کر رہے ہیں، اور میں تمام اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔” انہوں نے ارسطو کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “والدین اولاد کو دنیا میں لاتے ہیں، لیکن استاد انہیں زندگی گزارنے کا طریقہ سکھاتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی خدمات اور ان کا مشن ناقابلِ فراموش ہے۔ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “آج جب ہمیں اپنے اساتذہ کو یکجا ہو کر خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے تھا، اس کے بجائے کچھ عناصر ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔ پاکستان کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، نہ کہ ہم ترقی میں رکاوٹ بنیں۔”
تقریب کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ “دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، اور چین سی پیک کا نیا مرحلہ شروع کرنے کی بات کر رہا ہے۔” انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کانفرنس کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے شرپسند عناصر کی جانب سے اس کے بائیکاٹ کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
ڈیجیٹل انقلاب کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ “ہمیں اپنے تعلیمی نصاب میں تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ رٹا سسٹم کو ختم کرکے تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔ یہی وہ عمل ہے جس سے ہم اپنی قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے وفاقی سیکریٹری تعلیم، محی الدین وانی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “اسلام آباد کے تمام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جو تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اگلے سال اساتذہ کے عالمی دن پر پاکستان میں قومی ٹیچر ایوارڈز کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ملک بھر کے بہترین اساتذہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں انعامات دیے جائیں گے۔
“ہمیں تعلیم کے ساتھ تربیت کو واپس لانا ہوگا کیونکہ اساتذہ ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں۔ ڈیجیٹل انقلاب کے اس دور میں تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے ہی ہم اس عہد کی تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔”
تقریب کے دوران وفاقی وزیر کی جانب سے قوم کے معماروں کے لیے محبت اور عزت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کی خدمات کی تعریف کی گئی اور ملک کی ترقی میں ان کے کلیدی کردار کو سراہا گیا۔