گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب کے ساتھ اب بڑی سڑکوں کی تعمیر کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ چیرمین نیوکراچی ٹاون محمدیوسف
نیوکراچی کے ترقیاتی سفر میں بڑی پیشرفت، سیکٹر 11-ایف کی سڑک کا افتتاح
فور کے چورنگی پرافسوس ناک حادثے پراظہار ہمدردی دن کے اوقات میں شہرکے اندر ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی لگائی جائے۔ چیرمین نیوکراچی ٹاون محمدیوسف۔
کراچی : چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نیو کراچی سیکٹر 11-ایف میں طویل عرصے سے تباہ حال سڑک کی تعمیرِ نو مکمل ہونے پر اس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ ان کے ہمراہ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،نائب امیر ضلع شمالی اکبر قریشی، یو سی، وائس چیئرمین حنظلہ انور قریثی مختلف محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد علاقے میں خوشی اور اطمینان کی فضا نمایاں دکھائی دی۔ اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی کی پسماندگی برسوں کا قصہ ہے، لیکن اب یہ قصہ ختم ہونے کو ہے ان کا کہنا تھا کہ سیکٹر 11-ایف کبھی تباہی، تعفن اور گندگی کا استعارہ سمجھا جاتا تھا۔ یہاں کے مکین برسوں سے ٹوٹی ہوئی سڑکوں، ابلتے گٹروں اور پانی کی عدم فراہمی جیسے شدید مسائل سے دوچار تھے۔ ہم نے پہلے دن سے یہی عزم کیا کہ نیو کراچی کو اس کی ماضی کی شناخت بہتر سڑکوں، محفوظ گلیوں اور صاف ماحول کی طرف واپس لے کر جانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن کے اپنے فنڈ سے سیوریج لائنوں کی مرمت، پینے کے پانی کی لائنوں کی تبدیلی اور گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب کے بعد اب بڑی سڑکوں کی تعمیر کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ جس طرح آج سیکٹر 11-ایف کی حالت بدل چکی ہے، اسی طرح ہر محلہ، ہر گلی اور ہر سڑک کو بہتر بنانے کے لیے ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کر رہے۔ کوئی دن ایسا نہیں گزر رہا جب نیو کراچی ٹاؤن میں کوئی نہ کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع یا مکمل نہیں ہو رہا؛ ترقی کا یہ سفر رکا نہیں، نہ رکے گا۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ماضی میں نیو کراچی کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیایہاں کی پہچان ٹوٹی سڑکیں، کھلے مین ہول، اجڑے پارک اور کچرے کے پہاڑ بنا دیے گئے تھے۔ لیکن اب شہر کے اس بڑے ٹاؤن کو نئی زندگی دینے کا وقت آ چکا ہے۔ آج جس سڑک کا افتتاح ہوا ہے اس کی حالت اس قدر خراب تھی کہ پیدل چلنا بھی اذیت بن چکا تھا۔ ہم نے اسے ایک مناسب، محفوظ اور قابلِ استعمال شاہراہ میں بدل دیا ہے تاکہ یہاں کے مکین سکون سے آ جا سکیں۔
اسی دوران چیئرمین محمد یوسف نے ایک المناک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج فور کے چورنگی کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جس میں عابد رئیس نامی نوجوان، جو فرسٹ ایئر کا طالب علم اور اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیااس کے والد کو سڑک پر دھاڑیں مار کر روتے دیکھا تو دل اندر تک کانپ اٹھا۔ آخر کب ہماری سڑکیں محفوظ ہوں گی کب ہیوی ٹریفک پر دن کے اوقات میں مکمل پابندی لگائی جائے گی آخر کب اس شہر کے باسیوں کو سکون اور تحفظ میسر ہوگاانہوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی کہ شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔
چیئرمین محمد یوسف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں تمام ٹاؤن چیئرمین سے وعدہ کیا تھا کہ گٹروں کے ڈھکن بنا کر ٹاؤنز کو دیے جائیں گے، مگر آج تک اس وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ آپ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سربراہ بھی ہیں لیکن ادارہ اپنے بنیادی فرائض ادا نہیں کر رہا۔ نتیجے کے طور پر ٹاؤن کو مجبوراً اپنے فنڈ سے وہ کام کرنے پڑ رہے ہیں۔ جو دراصل واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین نے کہا کہ نیو کراچی کے عوام بنیادی سہولیات کے حق دار ہیں اور وہ ان کا حق چھین کر رہیں گے میری پوری کوشش ہے کہ یہ ٹاؤن کراچی کا مثالی ٹاؤن بنے اور عوام کو وہ سہولیات ملیں جن کے وہ برسوں سے منتظر ہیں۔ ہم نے سفر شروع کر دیا ہے، انشائاللہ اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔