Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایم کیو ایم بکھر نہیں رہی نکھر رہی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

جب تک امن، خوشحالی اور ترقی کراچی میں داخل نہیں ہوگی، اس وقت تک یہ ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

0

ایم کیو ایم بکھر نہیں رہی نکھر رہی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ملیر سعود آباد روڈ پر عوامی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر ز، سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی، خواجہ اظہار الحسن، عبدالوسیم و اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست سینیٹر ز سید فیصل سبزواری اورخالدہ اطیب نے شرکت کی۔

اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملیر میں منعقد عظیم الشان جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملیر ٹاؤن نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور یہ انتخابی نہیں انقلابی جلسہ ہے۔ ہم یہاں الیکشن جیتنے نہیں بلکہ دل جیتنے آئے ہیں۔ اس شہر اور اس ملک کے وارث یہاں بیٹھے ہیں۔ ملیر اور شہر کراچی دیکھ لو تمہارے وارث اور نگہبان واپس آگئے ہیں۔ 22اگست کے بعد ایم کیو ایم بکھر نہیں رہی نکھر رہی ہے۔ تبدیل نہیں ہورہی تجدید ہورہی ہے۔ انتخابات ہماری منزل نہیں ہماری منزل کا راستہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہداء قبرستان بھرنے نہیں آئے ہم زندہ قوم کو منزل پر لیکر پہنچنے آئے ہیں اور ہم یہاں یہ بتانے آئے ہیں کہ ہم اس ملک کے وارث ہیں اور ہم نے22لاکھ نفوس کی قربانی دیکر ملک حاصل کیا۔ جو اس شہر کے صدقہ میں پل رہے ہیں وہ زیادہ ترقی کر رہے ہیں اور ایم کیو ایم اب یہ نا انصافی نہیں ہونے دیگی۔ ہمیں ایوانوں کی ضرورت نہیں بلکہ ایوانوں کو ہماری ضرورت ہے۔ ہم ہونگے تو ان شہروں کی نمائندگی ہوگی۔ جن کی وجہ سے یہ ملک چل رہا ہے کچھ شہر، علاقے ملکوں کی مجبوری ہوتے ہیں اور جب تک امن، خوشحالی اور ترقی کراچی میں داخل نہیں ہوگی، تو یہ ملک ترقی نہیں کریگا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس ایم کیو ایم پاکستان نے 5سال میں دوسری مردم شماری کروا کر کارنامہ انجام دیا ہے۔ اسی ایم کیو ایم نے سینکڑوں لاپتہ کارکنان کو بازیاب کروایا ہے۔ لاکھوں ووٹرز جو مردم شماری می لاپتہ کردئے گئے تھے انکو بازیاب کروایا ہے۔ ہم لاشیں اٹھا کر نہیں پرچم اٹھا کر منزل تک پہنچیں گے۔ کراچی اب جزیہ نہیں دیگا اپنا حق لیکر رہیگا۔ آج مہاجر قوم حکمرانوں کو نوٹس دے رہی ہے کہ آپ نے ہمیں کم گنا، ہم لاپتہ قوم نہیں سب کو بتادیا۔

Comments
Loading...