غیر نصابی سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ چیرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف
گورنمنٹ بلدیاتی اسکول دوست محمد فیضی، سیکٹر 8 میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، سیکٹر 11-آئی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کالج میں منعقدہ اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ بلدیاتی اسکول دوست محمد فیضی، سیکٹر 8 میں جاری تعمیراتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع ا نجینیر بی اینڈ آر فیصل صغیر اور انچارج روڈ کٹنگ نادر شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اسپورٹس گالا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، سیکٹر 11-آئی کی پرنسپل اور کالج انتظامیہ نے انہیں طالبات کے لیے منعقدہ اسپورٹس گالا میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں خصوصاً کھیل، بچوں اور بچیوں کی ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کے لیے بے حد ضروری ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں محدود ہوتی جا رہی ہیں۔چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ نے جہاں زندگی کے دیگر شعبوں کو متاثر کیا ہے وہیں تعلیمی ماحول پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ کھیلوں کے میدان خالی ہو رہے ہیں اور نوجوانوں کی کھیلوں سے دلچسپی میں کمی آ رہی ہے، جس کی ایک وجہ تعلیمی اداروں کی جانب سے غیر نصابی سرگرمیوں پر کم توجہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں گرلز کالج کی طالبات کے لیے اسپورٹس گالا کا انعقاد نہایت خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کالج کی پرنسپل اور انتظامیہ کو کامیاب اسپورٹس گالا کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے خواہش کا اظہار کیا کہ اس طرح کے پروگرام ہر سال باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیے جائیں تاکہ طالبات کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آ سکیں۔
چیئرمین نے کہا کہ کالج کی طالبات کھیلوں کے فروغ سے متعلق نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کو تجاویز دیں تاکہ بچیوں میں کھیلوں کو آگے بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں، اور نیو کراچی ٹاؤن اس حوالے سے ہر ممکن تعاون اور حوصلہ افزائی کرے گا۔بعد ازاں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ٹاون افسران کے ہمراہ گورنمنٹ بلدیاتی اسکول دوست محمد فیضی، سیکٹر 8 میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے تفصیلات حاصل کیں اور کام کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔