Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

نگراں کمیٹی اور تمام مرکزی شعبہ جات کے درمیان ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے تنظیمی نیٹ ورک کو مزید فعال بنایا جائے۔ ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں اہم مشاورتی اجلاس، سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار و اراکین مرکزی کمیٹی کی مرکزی ذمہ داران کو تنظیمی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات

0

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں ایک اہم اعلیٰ سطحی تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار و اراکین مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان نے کی، اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین سید امین الحق، فرقان اطیب، سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (سی او سی سی)، سی او سی، مرکزی شعبہ اطلاعات، الیکشن سیل، لیبر ڈویژن، شعبہ خواتین سمیت تمام مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے تنظیمی نظم و ضبط کی اہمیت اور ڈھانچے کی مزید بہتری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی چیلنجز کے تناظر میں تمام شعبہ جات کے درمیان مضبوط کوآرڈینیشن اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

انہوں نے تمام مرکزی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے مشن کو تیز کریں اور نچلی سطح پر تنظیمی نیٹ ورک کو متحرک کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ ایک منظم اور فعال تنظیم ہی عوامی امنگوں کی ترجمانی کر سکتی ہے۔

انہوں نے ذمہ داران کو آگاہ کیا کہ سابق گورنر کامران ٹیسوری کے کیلئے خیر مقدمی پروگرام 04 اپریل بروز ہفتہ جبکہ 05 اپریل بروز اتوار جنرل ورکرز اجلاس بہادر آباد مرکز پر ہوگا، ذمہ داران و کارکنان اس اجلاس کی تیاریاں شروع کریں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنے تنظیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ خدمتِ خلق کے کاموں میں مزید تیزی لائی جا سکے اور کارکنان کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس میں تنظیمی امور، مستقبل کی حکمتِ عملی اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے تمام ذمہ داران کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حق پرست قیادت متحد و منظم ہو کر مظلوم طبقات کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور مرکز بہادر آباد سے جاری ہونے والی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

Comments
Loading...