Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

دوبارہ تجاوز ات قائم کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم

تجاوزات کے خلاف آپریشن سے روڈ کی اصل چوڑائی بحال ہوگی اور ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ میونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر

0

کراچی : نیو کراچی ٹاؤن اینٹی انکروچمنٹ سیل اور ضلع وسطی کی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی کے علاقے سندھی ہوٹل کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں ڈبل ٹریک روڈ کو دونوں اطراف سے واگزار کرا لیا گیا۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مقصد شہریوں کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا اور سڑکوں کی اصل حالت کو بحال کرنا تھا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم آپریشن کی نگرانی کررہے تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر) فرید حنیف، میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر، ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، اینٹی انکروچمنٹ افسر عبید الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر صدیق اور اسٹاف افسر محمد علی موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی، شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر غیرقانونی قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور شہریوں کا بنیادی حق آزادانہ اور محفوظ آمد و رفت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تجاوزات نہ صرف ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کرتی ہیں بلکہ شہری نظم و ضبط اور معاشی سرگرمیوں کو بھی متاثر کرتی ہیں، اس لیے ضلعی انتظامیہ اس کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

یہ کارروائیاں وقتی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی اور اگر کسی نے دوبارہ تجاوز ات قائم کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور منظم ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر) فرید حنیف نے کہا کہ یہ مشترکہ کارروائی عوامی مفاد میں کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔میونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر نے کہا کہ تجاوزات کے باعث یہ اہم شاہراہ شدید متاثر ہو چکی تھی، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روڈ کی اصل چوڑائی بحال ہونے سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کئی دنوں سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی سہولت کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، اور کسی کو بھی دوبارہ غیرقانونی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مقامی شہریوں اور تاجروں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقل بنیادوں پر ایسے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہو سکیں۔

شہری حلقوں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ اسی تسلسل کو برقرار رکھے تو نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ شہر کا مجموعی نظم و نسق بھی بہتر ہوگا۔

Comments
Loading...