Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

یو سی 2 گلشنِ سعید میں پیور بلاک منصوبے کی تکمیل، 30 گلیاں بہتر سہولت سے آراستہ۔ محمد یوسف

ہم عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ان کے دروازے پر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ محمد یوسف

0

ٹا ؤن میں سیوریج کے فرسودہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ محمد یوسف

کراچی : نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے یونین کونسل نمبر 2 گلشنِ سعید میں پیور بلاک منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران، متعلقہ یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میں سیوریج کے فرسودہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، پینے کے پانی کی لائنوں کی مرمت اور نئی تنصیب کا عمل بھی تیزی سے مکمل ہو رہا ہے اور بوسیدہ نالوں کی دیواروں کی مرمت بھی کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں میں پیور بلاک لگانے کے بڑے ترقیاتی منصوبے کے تحت تمام یونین کونسلوں میں عملی کام جاری ہے، جبکہ یونین کونسل نمبر 2 نیو کراچی میں تقریباً 30 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے علاقہ مکینوں کو درپیش دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کا اصل مقصد عوامی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنا ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ اسی وژن کے تحت کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اختیارات اور وسائل کی کمی کے باوجود عوام نے بلدیاتی قیادت پر اعتماد کیا، اور آج یہی اعتماد عملی ترقیاتی کاموں کی صورت میں نظر آ رہا ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے سیاسی تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ اور عوامی نمائندے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لیے ہے، اور ہم عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ان کے دروازے پر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Comments
Loading...