یومِ آزادی پر مزارِ قائد پر حاضری، میئر کراچی کا مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کے عزم کا اظہار
Related Posts
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
مزارِ قائد پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی غیر معمولی قیادت، بصیرت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کی نعمت حاصل ہوئی، پاکستان کا قیام ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے، انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اس نظریے اور عزم کو تازہ کرنے کا موقع بھی ہے جس کی بنیاد پر پاکستان وجود میں آیا۔ آج کے دن ہم قیامِ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں اور بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ حالیہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمیشہ امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، تاہم اگر کسی نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا مذموم عزائم کا مظاہرہ کیا تو پوری قوم متحد ہوکر بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ ملکی سرحدوں اور وطن کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی ہیں۔ آج پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عالمی سطح پر اس کی مؤثر سفارتی آواز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک خوددار، باوقار اور ذمہ دار ریاست ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں پاکستانی قیادت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بالخصوص بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور مسئلہ کشمیر، علاقائی امن، بین الاقوامی قانون اور پاکستان کے قومی مفادات کے حوالے سے دنیا کے سامنے پاکستان کی آواز مؤثر انداز میں پہنچائی۔ اقوام متحدہ میں ان کی سفارتی سرگرمیوں کے دوران پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعات کا حل مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق تلاش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ حالیہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کو بھی پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اور دفاعی اہمیت کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس معاہدے کو پاکستان کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کی ضمانت کی جانب اہم قدم ہے، میئر کراچی نے کہا کہ 14 اگست ہمارے لیے انتہائی اہم دن ہے، اس موقع پر ملک کے طول و عرض میں جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار نظر آتی ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل حالات میں اتحاد، عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، آج بھی ہمیں دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ایک باہمت، خوددار اور پرعزم قوم کا ملک ہے جو کسی بیرونی دباؤ یا سازش کے سامنے جھکنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری حل ہے۔ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنا اور کراچی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانا ہے۔