کوئی خوش ہو یا ناخوش، کراچی کی تعمیر و ترقی کا سفر ہر صورت بلا تعطل جاری رہے گا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا زیرِ تعمیر نتھا خان چکور نالہ روڈ کا دورہ۔
کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا زیرِ تعمیر نتھا خان چکور نالہ روڈ کا دورہ۔ میئر کراچی کے ہمراہ میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی اور کام جاری رکھنے کو ہدایت جاری کردیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کوئی خوش ہو یا ناخوش، کراچی کی تعمیر و ترقی کا سفر ہر صورت بلا تعطل جاری رہے گا۔ شہر اور شہریوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے ساتھ زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرکاری امور میں مداخلت کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران اور ملازمین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جا چکی ہے، قانونی کارروائی ہر صورت جاری رہے گی۔ میئر کراچی کا نتھا خان روڈ کو حبیب یونیورسٹی روڈ سے منسلک کرنے کے لیے ایک اور انٹری پوائنٹ فراہم کرنے کا اعلان۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہم شہریوں کے سفر کو مزید آسان اور آمدورفت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو واضح ڈیڈ لائن دے دی ہے، ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنا یقینی بنایا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا نتھا خان سے پہلوان گوٹھ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی دورہ۔ میئر کراچی کی متعلقہ افسران کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت۔