Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

ایف بی آر افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر کریں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف

0

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.

وزیراعظم نے ایف بی آر میں اصلاحات کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت کردی. گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں.ٹیکس گیپ پر قابو پانے کے لیے ایف بی آر کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے. ایف بی آر میں اصلاحات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ٹیکنالوجی، مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے. وزیراعظم نے ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیز کرنے کی ہدایت کی.

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر کریں. جاری اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں، ان کا عمل ہر صورت جاری رہے گا. ایف بی آر میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے. اپنے رویے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے، جبکہ بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والوں کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی.

اجلاس کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات کی تازہ ترین پیشرفت اور اب تک کی نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو ایف بی آر میں ٹیکنالوجی، نظامِ کار اور افرادی قوت کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس گیپ کا تحمینہ جی ڈی پی کے 6 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے. ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ایف بی آر افسران کے صوابدیدی اختیارات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے. ایف بی آر کے نئے افسران کو لمز میں تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ پہلے سے خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے دورانِ ملازمت تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں۔

افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے پیئر ریٹنگ سسٹم (ہم عصروں کی درجہ بندی کا نظام) نافذ کر دیا گیا ہے. ایف بی آر کی آڈٹ کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے 957 آڈیٹرز کو تھرڈ پارٹی آڈیٹرز کے طور پر میرٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا ہے. تھرڈ پارٹی آڈیٹرز کی تعیناتی سے ایف بی آر کی آڈٹ کی استعدادِ کار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ ایف بی آر کی وسیع پیمانے پر تکنیکی بنیادوں پر تنظیمِ نو جاری ہے، مہارت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کی بھرتی اور کارکردگی سے منسلک مراعات کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے.

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے ۔

Comments
Loading...