Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

​آج کا دور ٹیکنالوجی اور ’عہدِ امکان‘ کا ہے، نوجوانوں کو ڈگری کے بجائے جدید ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

​پی ایچ ایم اے ہاؤس میں پی ایم وائی ایس ڈی پی اور نیوٹیک کے انڈسٹری لیڈ ٹریننگ پروگرام کے پائلٹ فیز کی تقریب، 260 طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع اور اسناد کی تقسیم کا انعقاد ہوا

0

​پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، آنے والے وقت میں ایک ارب لوگ غیر متعلق ہو جائیں گے، یہ ٹریننگ پروگرام وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان

کراچی: ​پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے) کے ذیلی ادارے پی ایچ ایم اے انسٹی ٹیوٹ آف نٹ ویئر ٹیکنالوجی کراچی (آئی کے ٹی کے) کے زیر اہتمام پی ایچ ایم اے ہاؤس شاہراہِ فیصل پر منعقدہ پی ایم وائی ایس ڈی پی اور نیوٹیک کے انڈسٹری لیڈ ٹریننگ پروگرام (پائلٹ فیز) کی باوقار اسناد تقسیم تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

جس میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینیٹر خالدہ اطیب، اراکینِ اسمبلی فرحان چشتی، سبحین غوری، عامر صدیقی، فرح سہیل، اعجاز الحق اور سابق اراکینِ اسمبلی کشور زہرہ، سلمان مجاہد، ریحان ہاشمی سمیت نائب صدر پی ایچ ایم اے عدیل اعجاز، سرپرستِ اعلیٰ محمد جاوید بلواݨی، چیئرمین ساؤتھ زون عبدالجبار گجانی، صنعت کار زبیر موتی والا، انسٹی ٹیوٹ منیجنگ کمیٹی کے اراکین، تعلیمی و صنعتی شخصیات نے شرکت کی۔

جہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہندوستان کے سیکڑوں شہر اجڑے تو یہ شہر آباد ہوا اور یہ شہر فلاحی کاموں کا دارالخلافہ ہے۔ جو وفاقی بجٹ کا 65 فیصد اور صوبائی بجٹ کا 97فیصد حصہ دیتا ہے۔ آج دنیا اتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ڈر یہ ہے کے وہ قومیں جو خود کو عہد حاظر کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہ کر سکیں وہ ہر مقابلہ سے باہر ہو جائیں گی اورآنے والے وقت میں ایک ارب لوگ غیر متعلق ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کے نوجوانوں کو ڈگری کے بجائے ہنر کی ضرورت ہے ماضی میں جس تجارت کو کراچی سے بھگایا گیا وہ بنگلہ دیش اور کینیا پہنچ گئی، لہٰذا کراچی کی خوشحالی ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ جبکہ تعلیمی نظام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 15 گولڈ میڈلز میں سے 12 لڑکیاں حاصل کرتی ہیں اور میڈیکل کالجز میں 97 فیصد لڑکیاں ہیں لیکن ان میں سے 80 فیصد گھر بیٹھ جاتی ہیں۔ کیونکہ لوگ انہیں بیوی بنانے کے لیے پڑھا رہے ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

جبکہ وفاقی وزیرِ تعلیم کی کوششوں اور انڈسٹری کے تعاون سے اس پائلٹ فیز کے پہلے مرحلے میں 260 طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں اور تقریب کے آخر میں کورسز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات جن میں علی احمد، عاقب رضا، محمد ایمان، حمنہ، نور السبع اور دیگر شامل ہیں، انہیں اسناد دی گئیں اور مہمانِ خصوصی نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

Comments
Loading...