جہاں کھیت اور باغات ہوتے تھے وہاں بنا کسی جامع منصوبہ بندی کے رہائشی کالونیاں بنا دی گئیں، سید فیصل سبزواری
چھ سو روپے کا باجا اپنے بچوں کو دلوانے کے بجائے سو روپے کا پودا لے کر لگایا جائے تو ہماری نسلیں ایک صحت مند ماحول میں اپنا وجود برقرار رکھ سکیں گی، سید فیصل سبزواری
بحیثیت پاکستانی ہمیں ماحول دوست عوامل کو سمجھنا اور اپنانا ہوگا، سکندر خاتون
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں قومی شجر کاری مہم جاری ہے، اس سلسلے میں شاہ فیصل ٹاؤن کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینیٹر سید فیصل سبزواری، اراکینِ مرکزی کمیٹی اور حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید فیصل سبزواری نے کہا کہ ملک میں بڑھتے درجہِ حرارت کو مدنظر رکھتے ہوئے شجرکاری کرنا صرف ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ تمام شہریوں کا کام ہے، کراچی کے ماحول کو رہائش کے قابل کرنے کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے جہاں کھیت اور باغات ہوتے تھے وہاں بنا کسی جامع منصوبہ بندی کے رہائشی کالونیاں بنا دی گئیں، کراچی کے نامور سماجی رہنماء نے درست معنوں میں صورتحال کی عکاسی کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں قوم کو یہ باور کروایا ہے کہ چھ سو روپے کا باجا اپنے بچوں کو دلوانے کے بجائے سو روپے کا پودا لے کر لگایا جائے تو ہماری نسلیں ایک صحت مند ماحول میں اپنا وجود برقرار رکھ سکیں گی۔
سید فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ ہمارے طرزِ عمل اور ترجیحات نے ہمیں تہذیب اور ترقی یافتہ اقوام کی فہرست سے باہر کر دیا ہے موقع ہے کہ خود بھی درخت لگائیں اپنے بچوں کو سکھائیں اور اسکی آبیاری بھی کریں۔
حق پرست رکن سندھ اسمبلی سکندر خاتون نے تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ملک کے طول و عرض میں شجر کاری مہم کا آغاز کر کے اپنا حصہ ڈالنا شروع کیا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کو خراب کرنے کے ذمہ دار ہم بھی ہیں ماضی میں گھروں میں درخت ہوا کرتے تھے حالات بدلے اور لالچ کی وجہ لوگوں نے درخت کاٹ کر دیواروں کے اوپر دیواریں بنا دیں بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہمیں ماحول دوست عوامل کو سمجھنا اور اپنانا ہوگا۔
درخت لگانا ہمارے لئے اور ہمارے مرحومین کے لئے صدقہِ جاریہ ہے۔ اس موقع پر علاقہ عمائدین سمیت بزرگ نوجوان خواتین بچوں اور حق پرست عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔