Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

غریب ممالک کو ترقی کی صف میں آگے بڑھنے کے لئے قرضوں کی ادائیگی کے لئے عالمی میکانزم کی ضرورت ہے۔ فیصل سبزواری

فیصل سبزواری کا اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں بین الاقوامی پارلیمانی یونین کے سالانہ اجلاس 2025 سے خطاب

0

غریب ممالک کو ترقی کی صف میں آگے بڑھنے کے لئے قرضوں کی ادائیگی کے لئے عالمی میکانزم کی ضرورت ہے۔ فیصل سبزواری

بین الاقوامی پارلیمانی یونین کے تحت اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں سالانہ اجلاس جس میں مختلف موضوعات پر گفتگو جاری ہے اور پائیدار ترقی کے اہداف سمیت دنیا کو درپیش دیگر مسائل پر پوری دنیا سے آئے پارلیمانی وفود گفتگو کر رہے ہیں، پاکستانی پارلیمنٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے حق پرست سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرضوں کے باعث پاکستان کے پائیدار ترقی کے اہداف متاثر ہوئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث نقصانات کا سامنا کیا ہے جبکہ کاربن کے اخراج میں اسکا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، قرضوں پر نظر ثانی کے لئے عالمی طور پر کسی نظام کا نہ ہونا بہت سے ممالک کو مزید غربت کی جانب دھکیل رہا ہے اور وہ مجبورا اپنے وسائل کو ترقی کی بجائے قرضوں کی ادائیگی کے لئے استعمال کرتے ہیں اور یہی کچھ پاکستان میں بھی ہو رہا ہے۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مشکل شرائط بھی عوام کی سماجی ترقی میں رکاوٹ کا باعث ہیں جبکہ پارلیمان کا حکومتی اخراجات کو مانیٹر کرنے میں اہم کردار ہے تاکہ مستقبل میں آنے والی نسلوں کو قرضوں کے بوجھ سے چھٹکارا مل سکے، پارلیمان قانون سازی کے ذریعے حکومتی قرضوں پر نظر رکھتی ہے، ہمارے یہاں بھی قوانین ہیں لیکن مالیاتی صورتحال کے پیش نظر اس پر مکمل عمل ہونا محال ہوتا ہے۔

ہمیں عالمی طور پر ایک ایسے میکنزم کی ضرورت ہے تاکہ غریب ممالک پر قرضوں کا بوجھ کم ہو سکے جس میں آئی ایم ایف کے غیر ضروری سرچارجز کو معطل کرنا بھی شامل ہے تاکہ اقوام متحدہ کے مندوبین کی موجودگی میں ایسے مالیاتی معاہدے ہوسکیں جس سے قرضوں کی ادائیگی پر غریب ممالک کی ترقی رکنے کا اندیشہ کم ہو۔

Comments
Loading...