Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

عام انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات جماعت اسلامی نے شہریوں کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ منعم ظفر خان

لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین و وائس چیئرمین سمیت پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ منعم ظفر خان

0

عام انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات جماعت اسلامی نے شہریوں کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ منعم ظفر خان

کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی و ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لانڈھی کے تحت نزد چراغ ہوٹل لانڈھی نمبر 5 میں امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزافرحان بیگ اورٹاؤن چیئر مین لانڈھی عبد الجمیل خان کے ہمراہ ” سنورتا لانڈھی پروگرام“ کےسلسلے میں دانش پارک 12000روڈ پر گرین بیلٹ و آئی لینڈ کاافتتاح کردیا۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین و وائس چیئرمین سمیت پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ لانڈھی ٹاؤن نے نا صرف 12000 روڈ کا افتتاح بلکہ ساتھ پارکس اور کھیل کے میدان بھی آباد کیے۔ شہر کراچی 25 ٹاؤنز پر مشتمل ہے، پہلے میئرشپ اور پھر عام انتخابات میں مسترد شدہ لوگوں کو اہل کراچی پر مسلط کیا۔ گزشتہ 20 سال سے شہر کی صورتحال سب کے سامنے واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ 19 سال گزرگئے لیکن کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہورہا۔ شہریوں کو نلکوں میں پانی نہیں ملتا۔ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 17سال سے صوبے اور شہر پر قابض ہے۔ پیپلزپارٹی نے کراچی کے محکموں پر قبضہ کرلیا ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی سے لینا جانتی ہے لیکن کچھ دینا نہیں جانتی۔ عام انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات جماعت اسلامی نے شہریوں کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنے اختیارات و وسائل سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔ ڈیڑھ سال کے مختصر وقت نے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے ثابت کردیا ہے۔ گلبرگ ٹاؤن نے ٹاؤن کے بجٹ سے 40 طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کے علاوہ کوئی اور ٹاون کے چیئرمین بتائیں کہ انہوں نے بچوں کے لیے کیا کیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ ڈھائی سال مکمل ہونے کے بعد جماعت اسلامی کا ہر ٹاؤن ماڈل ٹاؤن ہوگا۔ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھاسکتی ہے۔ بدقسمتی سے کراچی سے لوٹنے کے لیے تو سب آجاتے ہیں لیکن کوئی کراچی کا مقدمہ لڑنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ امیرجمات اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے سندھ اسمبلی کے باہر کراچی کا مقدمہ لڑا تھا۔ حافظ نعیم الرحمن نے عوام کے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کروائے جس کے نتیجے میں آج ہمارے نمائندے خدمت کا کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے شہر میں 44ہزار اسٹریٹ لائٹز لگائیں ہیں۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمینز نے پیور بلاکس لگائے، 125 سے زائد پارکس بحال کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمینز محدود وسائل اور اختیارات میں ہی کام کررہے ہیں۔ ہم وسائل کا رونا نہیں رورہے بلکہ اختیارات و وسائل سے بڑھ کر کام کریں گے۔ ہم یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ 17 سال سے قابض پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت سے بقیہ اختیارات چھین کر لیں گے۔ جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے۔ ہم کراچی کے عوام کے حقوق کے حصول اور اختیارات کے لیے تعاقب جاری رکھیں گے۔ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ وسائل و اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جاتا۔ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اپنے ٹاؤن و ویوسی چیئرمینز کو اختیارات دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈمپر ، ٹینکر اور ٹرالر مافیا شہر میں دندناتے پھررہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔ نادرن بائی پاس میں اربوں روپے خرچ کردیئے گئے لیکن ٹرالر وہاں سے سفر نہیں کرتے۔ عوام کو نلکوں میں پانی نہیں دیا جاتا بلکہ ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جاتا ہے۔ اگر گھروں کے نلکوں میں پانی فراہم کیا جائے تو ٹینکروں کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جماعت اسلامی نے جدوجہد اور مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کورنگی میں بنوقابل 4.0 کا ٹیسٹ لیا۔ لانڈھی اور کورنگی میں ہونے والا ٹیسٹ کراچی کا سب سے بڑا ٹیسٹ ثابت ہوا۔ جماعت اسلامی اور الخدمت نے بنوقابل 1.0،2.0،3.0 مکمل کرنے کے بعد 4.0 بھی شروع کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو تنہا نہٰیں چھوڑیں گے اور ان کا مستقبل سنواریں گے۔

Comments
Loading...