ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر جوانوں اور فوجی قیادت کو خراجِ تحسین
دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
ملک دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے کچلنے کا عہد، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پائیدار عزم کا اظہار
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے غزہ بند میں سیکیورٹی فورسز کے انتہائی کامیاب مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر فوجی جوانوں اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جس میں 10 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔
بہادرآباد مرکز سے جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی مؤثر حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم کا لوہا منواتے ہوئے ان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی شجاعت کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور بقا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستانی قوم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے ناسور کو اس ملک سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے آخری دم تک پُرعزم ہیں۔