پی ٹی آئی کی سیاست انتشار، ملک اور ملکی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔ شرجیل انعام میمن
عمران خان نے ملک کو بین الاقوامی طور پر بدنام کرنے کی کوشش کی۔ شرجیل انعام میمن
پی ٹی آئی کی سیاست انتشار، ملک اور ملکی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔ شرجیل انعام میمن
کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گورنر سندھ نے جن بلز پر اعتراضات لگائے تھے وہ آج کے اجلاس میں دوبارہ پاس کئے جائیں گے، یہ بل جیسے ہی اسمبلی پاس کرے گی تو وہ بل گورنر کے پاس دوبارہ جائیں گے، لیکن وہ بلز منظور سمجھے جائیں گے۔
سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں سے نوکریوں پر پابندیاں تھیں، کچھ لوگوں نے عدالتوں سے رجوع کیا تھا، حکومت سندھ کی جانب سے نوکریوں کے لئے عمر کی حد رعایت دی گئی ہے، عمر کی یہ رعایت سی ایس ایس اور پولیس پر نافذ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سہون میں ہونے والے حادثہ پر پنجاب کی وزیر اطلاعات نے سیاست کرنے کی کوشش کی، ان کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کو چیزوں کا علم ہی نہیں تھا، پنجاب کی وزیر اعلیٰ اور وزیر اطلاعات ہوم ورک کرنے کے بغیر بیانات دیتے ہیں، پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے بیان دیا کہ ای وی بس ہم نے شروع کی، آٹزم سینٹر ہم نے پہلی بار بنائے، لیکن سب کو معلوم ہے کہ سب سے پہلے ای وی بس سروس حکومت سندھ نے شروع کی، آٹزم کے جدید سینٹرز بھی حکومت سندھ نے بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سہون والا روڈ ، سکھر حیدرآباد روڈ بھی نینشل ہائی وے اتھارٹی کا ہے، سہون کے روڈ پر روزانہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، حکومت سندھ نے سات ارب روپے دیئے لیکن ابھی تک روڈ نہیں بنا، قومی شاہراہوں پر حادثات ن لیگ کی نااہلی ہے، وفاق میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی ہے، اگر روڈز مکمل نہیں ہوئے تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گاہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے، ہم صرف آپ کو سچ بتائیں گے، پیپلز پارٹی کا سندھ میں حقیقی مینڈیٹ ہے، عوام پیپلز پارٹی کے کام کو سراہا ہے، آپ کا مینڈیٹ اور آپ کی خدمت سب کو معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بئرسٹر سیف نے بھی آج صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے بیان دیا، پی ٹی آئی چوں چوں کا مربہ تھا، مختلف پارٹیوں سے لوگ پی ٹی آئی میں آتے رہے، پی ٹی آئی کا لیڈر جیل میں بیٹھا ہے تو وہ ان کے سیکنڈ ٹیئر کے رہنماؤں کی مہربانی ہے، انہوں نے نہ صرف پاکستان کے عوام کو گمراہ کیا، بلکہ عمران خان نے ملک کو بین الاقوامی طور پر بدنام کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کی سیاست انتشار، ملک اور ملکی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، اکیلا عمران خان نہیں، پورا پی ٹی آئی اس میں شامل رہا، یہ لوگ آئی ایم ایف کو قرضہ نہ دینے کے لئے خط لکھ رہے تھے، پاکستان اور پاکستان کے اداروں کے خلاف یہ سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کرتے رہے، پی ٹی آئی نے مقامی خواہ بین الاقوامی طور پر پاکستان کو ہر ممکن نقصان پہنچانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے ترجمان پیپلز پارٹی کی قیادت پر تنقید سے پہلے سوچ لیں کی جس طرح کی سیاست و کر رہے ہیں، اس سے بڑھ کر کوئی ان کو آئینہ نہیں دکھا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں پانچ بجے کے بعد تھانوں پر تالے لگ جاتے ہیں، پولیس باہر نہیں نکل سکتی، 15 سال پی ٹی آئی کی حکومت میں سانحہ اے پی ایس ہوا، بنوں جیل کو توڑا گیا، کےپی کی پی ٹی آئی حکومت اور پوری پی ٹی آئی وفاقی دارالخلافہ پر چڑہائی کی کوششوں میں مصروف ہے، کے پی کے لوگ اگر روزگار کے لئے یہاں آتے ہیں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کے پی حکومت اپنے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کی، پیپلز پارٹی نے ن لیگ کا ساتھ شوق میں نہیں دیا، ہم اسمبلیاں بنانا چاہتے تھے، جمہوریت کے لئے حکومت سازی میں ہم نے لیگ ن کی غیر مشروط حمایت کی، آج بھی ہم ان کو بلیک میل نہیں کر رہے، ہم اپنے صوبے کا جائز حق مانگتے ہیں، پاکستان کا گیٹ وے کراچی ہے، پ پورے پاکستان کو تکلیف دے رہے ہیں، پورے پاکستان کا کاروبار یہاں سے ہوتا ہے، مین گیٹ وے حیدرآباد سکھر روڈ ہے، آپ باقی منصوبوں کے لئے پیسے رکھ سکتے ہیں تو اس کے لئے کیوں نہیں رکھ سکتے۔ سہون روڈ کے لئے ہم نے پیسے دیئے ہیں، آپ اتنے نااہل ہیں کہ روڈ نہیں بنا سکتے یہ ہمارے جائز خدشات ہیں، ہم کوئی پوانئٹ اسکورنگ یا سیاست نہیں کر رہے، ہم نہ صرف سندھ پورے پاکستان کے لوگوں کو ریلیف پہنچانے کی بات کر رہے ۔ سندھ کے ہوائی اڈے بند ہوتے جارہے ہیں، موہن جو دڑو، شہید بینظیرآباد ہوائی اڈے بند کر دیئے گئے، حیدرآباد ایئرپورٹ پہلے ہی بند کردیا گیا، ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں، وفاقی حکومت کو جہاں مدد کی ضرورت ہے، وہاں ایک پیر پر کھڑے ہو کر مدد کریں گے، آپ کے ترجمان بغیر حقائق کے بیان دیتے ہیں، ان سے کہیں کہ تھوڑا پڑھا لیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جتنی بھی تحریکیں چلانی ہیں یا یلغاریں کرنی ہیں تو وہ وفاق کی جانب یا اداروں کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگردوں کے خلاف کریں، جو کے پی میں ہمارے معصوم بہنوں اور اور بھائیوں کو مار رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی اپنی توانائیاں دہشتگردوں کے خلاف صرف کریں۔
ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کا اشو ہے، کراچی پورٹ سٹی ہے، یہاں پورے پاکستان کی ہیوی ٹریفک آتی ہے، بدقسمتی سے، ہمارے دو برسوں کے سیس کے 180 ارب روپے سپریم کورٹ میں چلے گئے، ہم نے ان کو خط لکھا لیکن ابھی تک ہمارے ٹیکس کی رقم کورٹ میں جمع ہو رہی ہے، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارے پیسے سندھ کے انفرااسٹڑکچر پر خرچ کرنے کے لئے دیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چارجڈ پارکنگ آج سے ختم کی گئی ہیں، اگر کوئی چارجڈ پارکنگ چلا رہا ہے تو وہ غیر قانونی ہے، چیمپیئنز ٹرافی کے لئے حکومت سندھ مکمل سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، یہ ہماری اولین ترجیح میں ہے، انشاء اللہ چیمئنز ٹرافی خیر و خوبی سے ہوگا