Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے کھلم کھلا الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن

ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے پیسوں سے بنائے جانے والے پروجیکٹس کا سہرا مرتضیٰ وہاب اپنے چیئرمین بلاول زرداری کو دے رہے ہیں

0

پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے کھلم کھلا الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے کھلم کھلا الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔ ان جماعتوں کے بلدیاتی نمائندے سرکاری فنڈ کا اپنے نمائندوں کی تشہیر کے لیے بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، سرکاری مشینری اور سرکاری آفسز پر عام انتخابات کے نمائندوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں، ہم نے 2008 کے الیکشن میں کہیں بلدیاتی فنڈز کا استعمال نہیں کیا جبکہ زیادہ طاقتور میئر اور بلدیاتی نظام موجود تھا جبکہ موجودہ حادثاتی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب خود اپنے چیئرمین کی مہم چلارہے ہیں۔

ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے پیسہ حاصل کر کے پروجیکٹس کا افتتاح کررہے ہیں اور سہرا اپنے پارٹی چیئرمین کو دے رہے ہیں۔ جو آئین کی شق 18 اور 41 کی کھلی خلاف ورزی ہے اسکے علاوہ این اے 242 کے امیدوار بھی سرکاری وسائل کااستعمال کررہے ہیں۔ ناظمین اور چیئرمین قانون کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی پھر دوغلی سیاست کر رہی ہے کشمیر کارڈ کے بجائے فلسطین کارڈ کا استعمال کر کے پوری شاہراہ فیصل پر اپنے پرچم لگا دیئے۔ نیز کے الیکٹرک سے رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین رابطہ کمیٹی و امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ باغ جناح میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ آج کی پریس کانفرنس آئین و قانون کے تحت براہ راست الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انتخابی مہم میں سیاسی جماعتوں نے قوانین کی دھجیاں بکھیر کے رکھ دی ہیں جن پر الیکشن شیڈول کی اناؤنسمنٹ کے بعد سے الیکشن ہونے تک عملدرآمد ضروری ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مقامی حکومتوں کے بائیکاٹ کے بعد خیراتی چیئرمین بلدیاتی حکومتوں میں آگئے۔ حلقہ این اے232 میں ہماری امیدوار آسیہ اسحق کے حلقہ میں جماعت اسلامی کے یوسی ناظمین و دیگر بلدیاتی نمائندے اپنے امیدواران کی تشہری مہم چلا رہے ہیں۔ الیکشن ایکٹ کی شق 9، 11، 21، 23 و دیگر کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ ہماری پریس کانفرنس آئین و قانون پر عملدرآمد کیلئے ہے۔ تمام حلقوں میں ہونے والی دو نمبری کے ثبوت ہم آپکو ویڈیو اور تصاویر کی مد میں دینگے۔ کراچی و حیدرآباد میں تمام میونسپل کمشنر، ڈی سیز اور ایم سیز پیپلز پارٹی کے کہنے ہر ہمارے جھنڈے اتار رہے ہیں، قد آور تصاویر کا لگانا معمول بن گیا ہے کوئی ایکشن نہیں لیتا، ہم خود قوانین کی پابندی کر رہے ہیں تبھی الیکشن کمیشن سے دوسروں کو بھی پابند بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس کھلم کھلا دھاندلی کو فی الفور روکا جائے۔

Comments
Loading...