میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے باعث جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار
گل پلازہ آتشزدگی ریسکیو آپریشن اولین ترجیح ہے سیاست بعد میں بھی ہوسکتی ہے۔ مرتضی وہاب صدیقی میئر کراچی
کراچی : میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے باعث جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ آتشزدگی ریسکیو آپریشن اولین ترجیح ہے سیاست بعد میں بھی ہوسکتی ہے۔ جس کو کام کرنا ہوتا ہے اس کے علاوہ پر بندہ کام کررہا ہوتا ہے۔ جس کی وجہ سے مسائل ہوتے ہیں۔ کل بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو تنقید کرنی ہے جس کو، میرا گلا پکڑنا ہے، پکڑ لے، کل پکڑ لے، پرسوں پکڑ لے، میں کہیں جا نہیں رہا۔ میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں، عوام کے درمیان ہوں۔ جو کچھ بھی کرنے کی ضرورت ہے وہ کیا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے متاثرین کی مدد کے لیے کیمپ قائم کر دیے۔ میئر کراچی نے افسران اور عملے کو کیمپوں پر موجود رہنے اور متاثرین کے لیے کھانے کے مناسب بندوبست کی ہدایت جاری کی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا گل پلازا میں آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹر کے شہید ہونے پر اظہارِ افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید فائر فائٹر فرقان اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا۔ ریسکیو اداروں کے اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہید فرقان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے شہداء ملازمین کی مکمل مدد کرے گی۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق میونسپل کمشنر سید محمد افضل زیدی ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں، میونسپل سروسز اور فائر بریگیڈ کی مشینری موقع پر موجود ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے، متاثرہ شہریوں کو فوری ریسکیو اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔