Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

کراچی کی صنعتیں، تاجر برادری اور کاروباری سرگرمیاں ملک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ شبیر احمد قائم خانی

ایم کیو ایم رہنماء شبیر احمد قائم خانی کا وفد کے ہمرا ہ کاٹی کے دفتر میں نو منتخب چیئرمین اکرام راجپوت و دیگر اراکین سے ملاقات

0

کراچی کے مسائل کا حل صرف اسی وقت ممکن ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آئیں، چیئرمین کاٹی اکرام راجپوت

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنماء شبیر احمد قائم خانی نے وفد کے ہمراہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دفتر میں نو منتخب چیئرمین محمداکرام راجپوت و دیگر اراکین سے ملاقات کی۔ وفد میں متحدہ بزنس فورم کے نائب صدر عاصم اعزازسمیت سلطان تاجوانی، سابق رکن سندھ اسمبلی ہرگن داس، علشباہ خلجی، اکرم کوہاٹی، یاسر علی، عمیر خان، احسن فریدبھی موجود تھے جبکہ چیئرمین ایئر کراچی و معروف بلڈرحنیف گوہر اورمعروف بزنس مین زاہد شاہ میر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات میں مرکزی رہنماء شبیر قائم خانی نے نومنتخب چیئرمین و اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ کراچی نہ صرف پاکستان کی سب سے بڑی آبادی کا حامل شہر ہے بلکہ ملکی معیشت کا انجن بھی ہے، یہاں کی صنعتیں، تاجر برادری اور کاروباری سرگرمیاں ملک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں لیکن بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کو اس کی جائز حیثیت نہیں دی گئی، جس کے باعث نہ صرف یہاں کی صنعتوں کو مسائل کا سامنا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن فورم استعمال کر رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ٹیکس، انفراسٹرکچر، بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان جیسے بنیادی مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کرے تاکہ صنعتی پہیہ رواں دواں رہے اور ملکی معیشت مضبوط ہو۔چیئرمین کاٹی اکرام راجپوت نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کاٹی ہمیشہ سے صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری طبقے کی نمائندہ تنظیم رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف اسی وقت ممکن ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آئیں، صنعتیں صرف مشینوں سے نہیں، مربوط پالیسی، مستقل سپورٹ اور اعتماد سے چلتی ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری آواز کو ایوانوں تک پہنچائے گی اور ان پالیسیوں کی تشکیل میں بھی معاونت کرے گی جو صنعتکاروں کو سہولت فراہم کریں۔ موجودہ معاشی حالات میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ازحد ضروری ہے۔

Comments
Loading...