Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

عوامی بلدیاتی نمائندے ملازمین کی فلاح و بہبود کے ساتھ مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے کوشاں ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف

نیو کراچی ٹاؤن اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کو سالانہ 7457406(چوہترلاکھ ستاون ہزار چار سو چھ روپے ) پرئمیم کی مد میں ادا کرے گا ۔محمد یوسف

0

نیو کراچی ٹاؤن اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کا معاہدہ ملازمین کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ شعیب بن ظہیر

کراچی : نیو کراچی ٹاؤن اور اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کے درمیان ملازمین کے لیے گروپ انشورنس کے حوالے سے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب نیو کراچی ٹاؤن آفس میں منعقد ہوئی جس میں اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کا نمائندہ وفدکے سر براہ G I کمالی، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیراور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسر سید محمد سلمان شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ یہ معاہدہ محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک عملی قدم ہے اور نیو کراچی ٹاؤن اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کو سالانہ 7457406(چوہترلاکھ ستاون ہزار چار سو چھ روپے ) پرئمیم کی مد میں ادا کرے گا ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی کے طے شدہ ضوابط کے مطابق ہر بلدیاتی ادارے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ گروپ انشورنس کا معاہدہ کرنا لازم ہے، اور آج یہ قانونی تقاضہ نیو کراچی ٹاؤن کی سطح پر بخوبی پورا کر لیا گیا ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ہمارے بلدیاتی ملازمین شہر کی خدمت میں دن رات مصروف رہتے ہیں۔ ان میں سے اکثر محدود وسائل کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتے ہیں۔ ایسے میں یہ ضروری تھا کہ ہم ان کے مستقبل کو کسی حد تک محفوظ بنائیں۔ اب اگر دورانِ سروس کسی ملازم کا انتقال ہو جائے تو اس کے لواحقین کو اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کی جانب سے ایک معقول مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مشکلات کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ ہمیشہ اپنے ملازمین کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح کے لیے کوشاں رہی ہے۔ گروپ انشورنس کا یہ معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملازمین یہ محسوس کریں کہ ادارہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کی خدمات صرف زبانی تعریف تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کے زریعے ان کی قدر کی جا رہی ہے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان وفد کے سربراہ جی آئی کمالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے نمائندوں نے نہ صرف معاہدے کے مراحل میں مکمل تعاون کیا بلکہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی بھرپور تجاویز پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کے تعلقات مزید مضبوط کیے جائیں گے تاکہ ملازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔معاہدے کے بعد وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ یہ معاہدہ نیو کراچی ٹاؤن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے ملازمین کے تحفظ اور بہبود کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسرسید محمد سلمان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے نفاذ کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کے تمام مستقل ملازمین خودبخود گروپ انشورنس کے دائرے میں آجائیں گے جبکہ ملازمین ن کی پالیسی کے تمام قانونی پہلو اسٹیٹ لائف انشورنس پاکستان کی نگرانی میں مکمل شفافیت کے ساتھ طے پائیں گے۔

Comments
Loading...