میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح کا بارش کے بعد مختلف علاقوں کا دورہ
شام 4بجے سے رات 10بجے تک نکاسی آب کی خود نگرانی، بلدیاتی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
بلدیاتی عملے نے سخت سردی کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جس محنت اور جذبے سے کام کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ منور حسین ملاح
کراچی : نیو کراچی ٹاؤن میں حالیہ بارش کے بعد میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا او ر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وہ شام4بجے سے رات 10 بجے تک خود فیلڈ میں موجود رہے اور اپنی نگرانی میں مختلف مقامات سے بارش کے پانی کی نکاسی کے کام کو مکمل کروایا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے ٹاؤن کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا الحمدللہ نیو کراچی ٹاؤن میں بارش کے باوجود کہیں پانی کھڑا نہیں ہونے دیا گیا، بلدیاتی عملے نے سخت سردی اور نامساعد موسم کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جس محنت اور جذبے سے کام کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانا ہے، اسی لیے بارش کے دوران ہی نکاسی آب کا عمل شروع کر دیا گیا تھا اور تمام افسران و عملہ مسلسل فیلڈ میں موجود رہا۔یاد رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی ملازمین نے بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے لیے کوششیں شروع کر دی تھیں، جبکہ میونسپل کمشنر منور حسین ملاح مسلسل ان کے کام کی نگرانی کرتے رہے۔
وہ مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور تمام صورتحال کا خود جائزہ لیا۔بلدیاتی ذرائع کے مطابق ٹریفک کی روانی کو بھی کسی مقام پر متاثر نہیں ہونے دیا گیا اور نہ ہی کہیں بارش کا پانی جمع ہونے دیا گیا۔ ٹاؤن کا ایکسیویٹر اور دیگر مشینری اور عملہ مسلسل نکاسی آب کے عمل میں مصروف رہا، جس کے باعث نیو کراچی ٹاؤن میں مجموعی صورتحال معمول کے مطابق رہی۔
آخر میں میونسپل کمشنر نے بلدیاتی عملے کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔