سعید غنی نے پی ایس 9 کے انتخابات میں آغا شہباز درانی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
کراچی : وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے پی ایس 9 کے انتخابات میں سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے بیٹے آغا شہباز درانی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ آغا شہباز درانی کی فتح دراصل پاکستان پیپلز پارٹی کے ان دعووں کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ آغا سراج درانی مرحوم کی پی ایس 9 کے عوامی خدمات کا اعتراف آج وہاں کے عوام نے ان کے بیٹے کو کامیاب کروا کر دے دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ ہم کہتے آرہے ہیں کہ عوام سے بہتر انصاف کوئی نہیں کرسکتا۔ آغا شہباز درانی اس عظیم شخصیت کے بیٹے اور پوتے ہیں جنہوں نے اس صوبے اور ملک کی خدمت کی ہے۔ انشاء اللہ آغا شہباز درانی اپنے بزرگوں کے اس مشن کو اسی طرح سے آگے لے کر جائیں گے۔