سندھ پنک گیمز 2026 کا شہید بینظیر آباد میں شاندار آغاز
1300 سے زائد خواتین کھلاڑیوں کی شرکت، سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور کمشنر غلام قادر تالپور نے افتتاح کردیا
سندھ : سندھ پنک گیمز 2026 کا شہید بینظیر آباد میں شاندار آغاز، 1300 سے زائد خواتین کھلاڑیوں کی شرکت، سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور کمشنر غلام قادر تالپور نے افتتاح کردیا
سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام تین روزہ سندھ پنک گیمز 2026 کا میلہ شہید بینظیر آباد (نوابشاہ) میں سج گیا۔ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور کمشنر شہید بینظیر آباد غلام قادر تالپور نے گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی کمشنر، میئر، ایس ایس پی اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرحیم راجپوت سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ 27 سے 29 نومبر تک جاری رہنے والے سندھ پنک گیمز میں صوبے بھر سے 1300 سے زائد خواتین کھلاڑی 22 سے زائد کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گیمز میں ہاکی، باکسنگ، واکنگ فٹبال، جوڈو، تھرو بال، آرم ریسلنگ، ونجه وٹی، شطرنج، والی بال اور ٹیبل ٹینس سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ تمام مقابلے بلاول اسپورٹس کمپلیکس اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاکی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ پنک گیمز خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سندھ کی خواتین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کیا جائے اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی خصوصی ہدایت پر سندھ حکومت ہر سال سندھ پنک گیمز کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور کھیلوں کے میدان میں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔