Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

حکومت پاکستان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں مہارت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔سید امین الحق

سید امین الحق کی پاکستان کی پہلی جناح میڈیکل یونیورسٹی آف ویمن کی پانچویں انٹرنیشنل بائیولوجیکل ریسرچ اینڈ اپلائیڈ سائنس کانفرنس میں شرکت

0

حکومت پاکستان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں مہارت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔سید امین الحق

کراچی : پاکستان کی پہلی جناح میڈیکل یونیورسٹی آف ویمن کے زیر اہتمام پانچویں انٹرنیشنل بائیولوجیکل ریسرچ اینڈ اپلائیڈ سائنس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، چیئرمین سب کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے بائیولوجیکل ریسرچ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امتزاج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب اور سائنسی تحقیق ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ جدید آئی ٹی ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، بگ ڈیٹا، اور بائیو انفارمیٹکس، میڈیکل سائنس اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) کے فروغ، اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں مہارت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، سٹارٹ اپ کلچر، اور فری لانسنگ انڈسٹری کے فروغ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں عالمی معیار پر لانے کے لیے حکومتی سطح پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔کانفرنس میں شریک ملکی و غیر ملکی سائنسدانوں، ماہرین، محققین اور طلبہ نے بائیو ٹیکنالوجی، اپلائیڈ سائنس، اور ڈیجیٹل ہیلتھ ٹیکنالوجیز کے حوالے سے جدید تحقیقات اور ان کے عملی اطلاق پر تبادلہ خیال کیا سید امین الحق نے اس موقع پر ڈیجیٹل پاکستان وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سائنس اور آئی ٹی کا امتزاج نہ صرف میڈیکل ریسرچ کو تیز کر سکتا ہے بلکہ صحت، زراعت، اور دیگر صنعتی شعبوں میں بھی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔

اختتامی کلمات میں جناح میڈیکل یونیورسٹی آف ویمن کی انتظامیہ نے اس اہم کانفرنس میں شرکت پر سید امین الحق کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرتی رہے گی، جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق کو فروغ دیا جا سکے. اس موقع پر چانسلر وجح الدین بھی موجود تھے۔

Comments
Loading...