نیو کراچی ٹاؤن میں گلیوں کی پختگی اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ۔ چیئرمین محمد یوسف
گلیوں کی پختگی اور شہری سہولیات میں بہتری کی جانب اہم قدم
پیور بلاک منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کا عملی مظہر ہے۔ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر
کراچی :ـ نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 5ایف میں مختلف تین مقامات پر گلیوں میں پیور بلاک تنصیب کے کام کی تکمیل پر باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر ، چیئرمین یوسی-5عطا الرحمن راجہ ، وائس چیئرمینیوسی-5 توقیر خان ، مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں گلیوں کی پختگی اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیور بلاک جیسے منصوبے نہ صرف آمدورفت کو آسان بناتے ہیں بلکہ علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹاؤن بھر میں مرحلہ وار پیور بلاک کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے اس موقع پر کہا کہ پیور بلاک منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کا عملی مظہر ہے، جس سے علاقے کے مکینوں کو براہِ راست سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔آخر میں چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پیور بلاک کی تنصیب کے ساتھ ساتھ معیار اور دیرپا مضبوطی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام طویل عرصے تک اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔