Karachi Alerts News - KAN
News and Updates

آرٹس کونسل نیو کراچی ٹاؤن میں اساتذہ کے اعزاز میں پُر وقار تقریب کا انعقاد۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمدیوسف کی وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ تقریب میں خصوصی شرکت۔

0

ٹیچرز ڈے کی شاندار تقریب، چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا اساتذہ کو خراجِ تحسین۔

کراچی : آرٹس کونسل نیو کراچی ٹاؤن میں اساتذہ کے اعزاز میں پُر وقار تقریب کا انعقاد۔ٹیچر زڈے کی شاندار تقریب میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا اساتذہ کو خراجِ تحسین،تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل نیو کراچی میںٹیچرز ڈے کے موقع پرپروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں اساتذہ کی گرانقدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر بھی موجود تھے جبکہ معزز اساتذہ، طلبہ، والدین اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی قوم کے حقیقی معمار ہوتے ہیں۔ انہی کی محنت، رہنمائی اور تربیت سے نئی نسل علم و شعور سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی خدمت کے قابل بنتی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک استاد صرف کتابی علم نہیں دیتا بلکہ کردار سازی، اخلاقیات اور ذمہ داری کا شعور بھی اجاگر کرتا ہے۔ معاشرے کو پستی سے بلندی کی طرف لانے میں اساتذہ کا اہم کردار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ اساتذہ ک درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بہتری ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔تقریب کے دوران طلبہ نے اساتذہ کی شان میں تقاریر، ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور سراہا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں تعریفی اسناد اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

آخر میں شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اساتذہ کے احترام، تعلیم کے فروغ اور معاشرے کی مثبت تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Comments
Loading...